فیصل ممتاز

سرماریہ کاری کیلئے اوورسیز کی کانفرنس بلانے کا فیصلہ، مسائل حل کیلئے کمیٹی قائم کی جائیگی، وزیراعظم

مظفرآباد :وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت اوورسیز کشمیری کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

اجلاس میں اوورسیز کشمیری کانفرنس کے اغراض و مقاصد، کانفرنس کے انعقاد کے لیے حکمتِ عملی کے تعین سمیت ترجیحات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار مواقع، سیاحت، آئی ٹی، پاور اور ہائیڈل کے شعبوں میں برق رفتار ترقی کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تفصیلی گفت و شنید کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھورکااوورسیز کانفرنس بلانے کا اعلان

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کا وژن اوورسیز کشمیری کانفرنس آزاد کشمیر کی معاشی نمو میں بہتری اور اوورسیز کشمیریوں اورآزاد کشمیر کے عوام کے درمیان مضبوط، پائیدار اور ترقی و خوشحالی کے لیے طویل المدتی شراکت داری کا سبب بنے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاحت، آئی ٹی، پاور اور ہائیڈل کے شعبوں میں برق رفتار ترقی کے لیے سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہا جائے گا۔

اجلاس میں طے پایا کہ اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی نوٹیفائی کر دی جائے گی تاکہ اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے مؤثر شروعات کا آغاز ہو سکے۔

اجلاس میں بے روزگاری کے خاتمے، انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ، انڈسٹریز، ٹورازم سیکٹرز میں انفراسٹرکچر کی بہتری سمیت سیاحت کے کاروبار کے فروغ سے معاشی بہتری کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے متعلقہ فورمز کو ٹاسک دیا کہ سرمایہ کاری کے حامل سیکٹرز اور سرمایہ کاری سے فوری معاشی بہتری لانے کے لیے آزاد کشمیر بھر میں سپاٹس اور سیکٹرز کی نشاندہی کی جائے اور سرمایہ کاری کیلئے فوری پروپوزلز واضح کیے جائیں تاکہ حکومت معاشی بہتری اور سرمایہ کاری کے لیے حکمتِ عملی کے ساتھ مؤثر اقدامات اٹھا سکے۔

اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزرائے حکومت سردار جاوید ایوب، چوہدری قاسم مجید، سردار ضیاء القمر، مشیر حکومت سردار فہد یعقوب، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، سیکرٹریز حکومت ظفر محمود، قاضی عنایت، حسن مسعود، نعیم بسمل، راشد حنیف، چیئرمین ٹیوٹا چوہدری طیب اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں شرکاء سے تجاویز بھی لی گئیں اور اس حوالے سے مستقبل کی حکمتِ عملی کے لیے روڈ میپ کے تعین کی ہدایت بھی کی گئی۔

اس موقع پر اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ اوورسیز کشمیری ہماری حقیقی طاقت ہیں، اوورسیز کشمیری کانفرنس گیم چینجر منصوبہ ثابت ہو گی۔

آزاد کشمیر کی حکومت اپنے اوورسیز کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ رشتوں کو مضبوط بنانے سمیت اوورسیز کشمیریوں کے تعاون سے آزاد کشمیر کے عوام کی معاشی بہتری کے لیے اقدامات اٹھانے جا رہی ہے۔جلد اوورسیز کشمیری کانفرنس کے انعقاد کو یقینی بنایا جائیگا۔

کانفرنس میں سرمایہ کاری کے مواقع اور اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کو بھی زیر غور لایا جائے گا،ٹورازم، انڈسٹری، توانائی اور آئی ٹی سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سسٹم کو آسان اور عام فہم بنانا ہے۔انشا اللہ انڈسٹری کی بہتری کیلئے سرمایہ کاری میں آزاد کشمیر مستقبل قریب میں ایک پرکشش علاقہ بن کر ابھرے گا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے عام آدمی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتی ہے، نوجوان نسل کو بے روزگاری کی چکی میں اب مزید پسنے نہیں دیا جائیگا۔ سپیشل اکنامک زونز اور ون ونڈو آپریشن سے سرمایہ کاروں کو مائل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ماحول کو سازگار بنانا اور اعتماد سازی کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے چیزوں کو آسان اور مؤثر بنانا ہو گا، سرمایہ کار کو یقین دلانا ہو گا کہ اس کا سرمایہ محفوظ ہے اور مستقبل میں اس کی انویسٹمنٹ سرمایہ کار کے لیے منافع بخش ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب،پروجیکٹس کیلئے ہنرمندپاکستانیوں کی مانگ میں اضافہ ،سیکرٹری اوورسیز

سرمایہ کاری میں مقامی آبادی کو بھی ترجیح دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ عوام دوست اقدامات اٹھائیں گے اور خطے کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

نوجوانوں کے مسائل کو حل کرنا ہے ، بے روزگاری کے خاتمے کے لیے ایسے اقدامات کارگر ثابت ہوں گے ، سرمایہ کاری کے لیے سپیشل اکنامک زونز بنا کر ہم سرمایہ کار کو راغب کر سکتے ہیں ۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز ہی اوورسیز کشمیریوں کی کانفرنس بلانے کا اعلان کیا تھا۔

Scroll to Top