راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی جانب سے دیا گیا دھرنا پولیس سے کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا۔
راولپنڈی پولیس نے دھرنا شرکاء کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ منگل کو بانی پی ٹی آئی کی فیملی ممبران کی ان سے ملاقات کروائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: اڈیالہ کے باہر دھرنا،علیمہ خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج
مذاکرات کی کامیابی کے بعد علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ اور نورین نیازی سمیت تمام رہنما دھرنا ختم کر کے واپس روانہ ہو گئے۔
اس موقع پر محمود خان اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس اور سلمان اکرم راجہ بھی احتجاج ختم ہونے کے بعد روانہ ہو گئے۔
دھرنا ختم ہونے کے بعد راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ روڈ سے تمام رکاوٹیں ہٹا دیں جس سے ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔
پولیس حکام کے مطابق صورتحال مکمل طور پر پرامن ہے اور کسی قسم کے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی جبکہ دھرنا شرکاء نے بھی مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی مظفرآباد کا اجلاس بدنظمی کا شکار، عہدیداروں میں گرما گرمی،ویڈیو وائرل
یاد رہے کہ انتظامیہ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بہنوں کی ملاقاتیں بند کی گئی ہیں کیونکہ عمران خان سے ملاقات کے بعد اشتعال انگیز پوسٹیں کی گئی تھیں۔
گزشتہ دنوں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے کہا تھا کہ میں عمران خان سے ملاقات کیلئے بھیک مانگتا ہوں جس پر پی ٹی آئی میں اختلافات بھی سامنے آئے تھے۔




