مظفرآباد فوڈ اتھارٹی کافوڈ پوائنٹس کا معائنہ، غیر معیاری آئل اور برتن تلف

مظفرآباد میں فوڈ اتھارٹی نے بینک روڈ پر قائم مختلف فوڈ پوائنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری آئل اور غیر محفوظ، ٹوٹے برتن تلف کر دیے جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوڈ بزنس آپریٹرز پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ اس کارروائی کا مقصد عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔

تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن کی قیادت میں ٹیم کے ہمراہ بینک روڈ پر قائم فوڈ پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنے میں سید محب علی نقوی، جاوید مغل اور فوڈ ٹیکنالوجسٹ انیلہ عباسی شامل تھے۔ ٹیم نے ہوٹلز، بیکرز، کریانہ و جنرل اسٹورز، کباب ہاؤسز، ریفریشمنٹ سینٹرز اور قلچہ فروشوں کو چیک کیا۔

معائنے کے دوران اشیائے خوردونوش کے معیار، خوراک کے محفوظ ذخیرے، فوڈ ہینڈلرز کی ذاتی صفائی اور مجموعی صفائی ستھرائی کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بعض فوڈ پوائنٹس پر صفائی ستھرائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے، جس پر قانون کے مطابق موقع پر ہی جرمانے عائد کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد:فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی رپورٹ جاری،90 لاکھ سے زائد خورد ونوش تلف

فوڈ اتھارٹی کی موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کی مدد سے مختلف اشیائے خورونوش کی جانچ پڑتال بھی کی گئی۔ ٹیسٹنگ کے دوران کباب کی تیاری میں استعمال ہونے والا غیر معیاری آئل سامنے آیا جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ اسی طرح غیر محفوظ اور ٹوٹے برتن بھی ضائع کر دیے گئے تاکہ عوام کی صحت کو لاحق خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ”عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے فوڈ پوائنٹس کی باقاعدہ مانیٹرنگ، موقع پر ٹیسٹنگ اور قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی جبکہ غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کے استعمال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی.”

فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر معیاری خوراک یا صفائی کی ناقص صورتحال کی صورت میں فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1280 پر شکایت درج کروائیں، جس پر بروقت اور موثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر فوڈ اتھارٹی کا ملٹی نیشنل کمپنی کیخلاف ایکشن، سٹاک ضبط کر لیا

Scroll to Top