مظفرآباد میں حق خودارادیت کے موقع پر بڑی عوامی ریلی نکالی گئی

مظفرآباد: آج ریاست جموں و کشمیر میں حق خودارادیت منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پاسبانِ حریت جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام مظفرآباد کے دارالحکومت میں ایک بڑی عوامی ریلی منعقد کی گئی۔

ریلی کے شرکاء نے برہان وانی شہید چوک سے اقوامِ متحدہ کے مبصر دفتر دومیل تک مارچ کیا۔ اس ریلی میں خواتین، بزرگ، نوجوان اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے حق خودارادیت کے مطالبے کے لیے شہر کی مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا۔

ریلی کی قیادت سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، چیئرمین پاسبانِ حریت عزیر احمد غزالی، اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے کی۔ دیگر راہنماؤں نے بھی ریلی میں حصہ لیا۔

شرکاء نے بھارت سے آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بازی کی اور بھارتی فوجی قبضے کے خلاف شدید نعرے لگائے۔ ریلی کے دوران “جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے” اور “بھارتی قابضو کشمیر ہمارا چھوڑ دو” کے نعرے گونجتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوم حق خودارادیت، دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج اقوام عالم کو 77سال قبل کیا وعدہ یاد دلائیں گے

مزید برآں، ریلی میں آزادی کشمیر کے حق میں زبردست نعرے “ہم چھین کے لیں گے آزادی” بھی دہرائے گئے۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ اقوامِ متحدہ قضیہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 5 جنوری کی قرارداد مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بہترین روڈ میپ ہے۔

چیئرمین پاسبانِ حریت عزیر احمد غزالی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام آزادی اور حق خودارادیت کے لیے اقوام متحدہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام 5 جنوری کی قرارداد پر عملدرآمد کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ چاہتے ہیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیری قیدیوں کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں:بین الاقوامی برادری کشمیر پر بھارت کے جبر کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے: وزیر اعظم پاکستان

عثمان علی ہاشم نے کہا کہ جموں کشمیر پر بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ جبکہ شوکت جاوید میر، ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے۔ کشمیری مظاہرین نے بھی بھارتی قابض حکومت سے آزادی حاصل کرنے تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔

Scroll to Top