اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 5 بڑوں کی بیٹھک کیلئے دیانتداری سب سے اہم ہے، لیکن عمران خان تو اپنی ذات کے علاوہ کسی کا سوچتے ہی نہیں، اس لیے میرا نہیں خیال کہ مذاکرات میں پیشرفت ہو سکے گی، ان کے ساتھ مذاکرات وقت کا ضیاع ہوگا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان اپنی ذات سے سوچنا شروع کرتے ہیں اور وہیں ختم کردیتے ہیں، گزشتہ کچھ عرصے سے پی ٹی آئی مختلف رنگ دکھا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رانا ثنا کی 5 بڑوں کی ملاقات کی تجویز، پی ٹی آئی کا ردعمل آگیا
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی میں کچھ لوگ مذاکرات اور کچھ تصادم کی بات کرتے ہیں، پارٹی کے اندر ہی جب تقسیم ہے تو یہ پانچ بڑوں میں کیسے شامل ہو سکتی ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ وفاق کو بلیک میل اور حملہ کرنے کی باتیں کچھ عرصے سے کی جا رہی ہیں، عمران خان کا مفاہمت اور بات چیت کا ایجنڈا ہی نہیں۔ خواجہ آصف نے سوال اٹھایا کہ مفاہمت اور گفتگو کیلئے ایجنڈا کون طے کریگا؟
انہوں نے کہاکہ محمود اچکزئی بڑے اعتماد سے عمران خان کے حوالے سے بات کررہے ہیں، میں ان سے پوچھوں گا کہ اس اعتماد کی وجہ کیا ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ پی ٹی آئی نے آج تک 9 مئی کی مذمت نہیں کی، یہ لوگ شہدا کی نماز جنازہ میں نہیں جاتے جبکہ پی ٹی آئی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھی ہمارے ساتھ نہیں کھڑی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو سہولیات،انجینئر علی مرزا نے پی ٹی آئی کا مظلومیت کارڈ بے نقاب کردیا
خواجہ آصف نے کہاکہ افغانستان کی حکومت اپنی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے کی کوئی گارنٹی نہیں دی رہی، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ کابل حکومت دہشتگرد عناصر کے پیچھے ہے۔




