ماہرین صحت نے عوام کو دیسی گھی اور لہسن کے حوالے سے پائی جانے والی عام غلط فہمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے احتیاط تدابیر برتنے کا مشورہ دیا ہے ۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر منصور احمد نے کہا کہ دیسی گھی کو صحت مند فیٹ یا ’’گڈ فیٹ ‘‘سمجھنا درست نہیں ہے کیونکہ اس کا زیادہ استعمال دل کی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے ۔
ان کے مطابق دیسی گھی اور دیگر حیوانی چکنائیاں جسم میں ایل ڈی ایل کولیسٹرول کی سطح بڑھا سکتی ہیں ۔ یہ کولیسٹرول شریانوں میں سوزش پیدا کر کے خون کی نالیوں کو تنگ کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں دل کے دورے یا ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دنیا کی بہترین روٹی نان کا شاہی دسترخوان سے عوام تک کا سفر
ڈاکٹر منصور احمد نے مشورہ دیا کہ ایسے تیل استعمال کیے جائیں جو عام درجہ حرارت پر جمیں نہیں ، کیونکہ یہ دل کی صحت کے لیے بہتر سمجھے جاتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک لہسن کا تعلق ہے، اس میں Statin نامی جز ضرور موجود ہے، لیکن اتنی کم مقدار میں کہ یہ کولیسٹرول کم کرنے والی ادویات کا مؤثر متبادل نہیں بن سکتا ۔
لہسن اور پیاز خون کو پتلا کرنے میں کچھ حد تک مددگار ہو سکتے ہیں ، لیکن جدید تحقیق کے مطابق ان کے یہ اثرات محدود ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دنیا بھر میں چکن گونیا کے لاکھوں کیسز رپورٹ، 186 افراد ہلاک
ماہر صحت نے زور دیا کہ صحت مند زندگی کے لیے متوازن غذا اپنانا اور کم چکنائی والے تیل کا استعمال نہایت ضروری ہے، جبکہ دیسی گھی یا دیگر حیوانی چکنائی پر زیادہ انحصار نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے ۔




