برنالہ (کشمیر ڈیجیٹل)پیپلزپارٹی ، مسلم کانفرنس کوبڑا جھٹکا، مسلم لیگ (ن) کو یونین کونسل پتنی میں بڑی سیاسی کامیابی مل گئی ۔
راجہ آصف سابق صدر مسلم کانفرنس یونین کونسل پتنی کی زیر صدارت ایک بڑے عوامی جلسے میں 105 افراد نے اپنے کنبہ اور قبیلہ سمیت پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔
اس موقع پر تمام نئے شامل ہونے والے افراد نے سابق سینئر وزیر اور ممبر اسمبلی آزاد کشمیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔
عوام کی بڑی تعداد کی مسلم لیگ ن میں شمولیت سے یونین کونسل پتنی اور چسانگی میں مسلم لیگ (ن) کی سیاسی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔
نئے شامل ہونے والوں کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہی وہ واحد جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں تعمیروترقی، عوامی خدمت اور خوشحالی کی ضامن ہے اور وہ اپنے علاقے کی بہتری کیلئے مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ممبر قانون ساز اسمبلی کرنل وقار احمد نور نے اپنے سیاسی مخالفین کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔اور انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور اقتدار میں علاقہ کے مسائل حل کرنے کی ہرممکن کوشش کی۔
اس سے قبل چسانگی گاؤں پہنچنے پر اہل علاقہ کی طرف سے ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔




