سوئٹزرلینڈ کے کرانس مونٹانا کے لگژری ریزورٹ میں نیو ایئر نائٹ کی خوشیوں کے دوران زوردار دھماکے سے 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق دھماکا ریزورٹ کے ایک بار میں ہوا، جہاں اس وقت نیو ایئر منانے والے افراد موجود تھے۔ سوئس پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکے کے وقت بار میں بڑی تعداد میں سیاح موجود تھی، اور فوری طور پر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے ابتدائی طور پر دھماکے کی وجوہات یا ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی مکمل تعداد کی تصدیق نہیں کی۔ تاہم بعد میں میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ کم از کم 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیا سال ، نئی امیدیں،شاندار جشن کیساتھ2026 کاآغاز ہوگیا
سوئس حکام کے مطابق یہ دھماکا بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب، ایک بج کر 30 منٹ پر ہوا، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریزورٹ کے ملازمین اور مقامی پولیس نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور تمام زخمیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
یہ واقعہ سوئٹزرلینڈ کے مشہور سیاحتی مقام میں پیش آیا، جہاں ہر سال ہزاروں سیاح اسکی اور نیو ایئر کی تقریبات کے لیے آتے ہیں۔ پولیس تحقیقات کر رہی ہے کہ دھماکے کے پیچھے کیا وجہ ہو سکتی ہے اور مزید معلومات آنے کا انتظار ہے۔




