آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی تازہ ترین عالمی رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں پاکستان کے نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز نے شاندار کارکردگی کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
اس رینکنگ کا سب سے بڑا اعزاز پاکستان کے صائم ایوب کے نام رہا، جنہوں نے ٹی 20فارمیٹ میں تمام آل راؤنڈرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا کے صدر جیولین تھرو اسٹار ارشد ندیم کے کارناموں سے واقف نکلے
صائم ایوب کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی انفرادی محنت کا ثمر ہے بلکہ پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی بھی عکاس ہے، رینکنگ کے حوالے سے اگر ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ رینکنگ کی بات کی جائے تو پاکستان کے قابلِ اعتماد بیٹر سعود شکیل نے ایک درجہ ترقی حاصل کرتے ہوئے دنیا کے ٹاپ 10 بیٹرز میں جگہ بنا لی ہے اور اب وہ نویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹیسٹ بیٹرز کی فہرست میں انگلینڈ کے جو روٹ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے اور آسٹریلیا کے اسٹیو سمتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
سعود شکیل کی مسلسل بہتر کارکردگی نے انہیں عالمی سطح پر مستحکم مقام دلایا ہے ٹیسٹ بالرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ پاکستان کے اسپنر نعمان علی چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں جو قومی ٹیم کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
اس فہرست میں بھارتی فاسٹ بالر جسپریت بمرا اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں ون ڈے کرکٹ میں بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے روہت شرما بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ ویرات کوہلی دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم اس فہرست میں چھٹے نمبر پر برقرار ہیں جو اگرچہ ٹاپ پوزیشن نہیں مگر اب بھی عالمی معیار کے بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔
ٹی 20بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں بھارت کے ابھیشک شرما نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ ان کے ہم وطن تلک ورما دو درجے بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بابر اعظم ٹی 20بیٹرز میں ایک درجہ تنزلی کے بعد 31ویں نمبر پر آ گئے ہیں جو ان کے شائقین کے لیے تشویش کا باعث بن
سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہین آفریدی کو بی بی ایل سے واپس بلا لیا گیا، قومی کرکٹر کا پیغام بھی سامنے آگیا
ٹی 20بالرز کی رینکنگ میں بھارت کے ورن چکرورتھی بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے ابرار احمد شاندار کارکردگی کے باعث چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔
ٹی 20آل راؤنڈرز میں صائم ایوب کی پہلی پوزیشن پاکستان کے لیے سب سے بڑی خوشخبری ہے جبکہ محمد نواز پانچویں نمبر پر برقرار ہیں۔
آئی سی سی کی یہ تازہ رینکنگ اس بات کی واضح عکاسی کرتی ہے کہ پاکستانی کرکٹرز عالمی سطح پر مسلسل اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید کامیابیوں کی امید کی جا سکتی ہے۔




