کیرن فاریسٹ ڈویژن: ٹمبر مافیا کے خلاف بڑی کارروائی، لکڑی سے بھرا ٹرک ضبط

کیرن فاریسٹ ڈویژن میں ٹمبر مافیا اور لکڑی اسمگلروں کے خلاف ایک بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ مہتمم جنگلات کیرن فاریسٹ ڈویژن ہارون الرشید اعوان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ رات گئے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے قیمتی لکڑی سے بھرا ایک ٹرک تحویل میں لے لیا، جسے بعد ازاں سیل ڈپو اٹھمقام منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کیرن فاریسٹ ڈویژن میں تعینات مہتمم جنگلات ہارون الرشید اعوان نے ٹمبر مافیا اور اسمگلروں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے رات گئے کیرن رینج کے کمپارٹمنٹ نمبر 14 جلاں میں چھاپہ مار کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ایک ٹرک پکڑا گیا جو قیمتی لکڑی سے بھرا ہوا تھا اور غیر قانونی طور پر منتقل کی جا رہی تھی۔

کارروائی کے بعد ضبط شدہ ٹرک کو قانونی کارروائی کے لیے سیل ڈپو اٹھمقام منتقل کر دیا گیا۔ اس موقع پر کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے مہتمم جنگلات ہارون الرشید اعوان کا کہنا تھا کہ “اسمگلروں کا قبر تک پیچھا کروں گا”۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور لکڑی اسمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: نیلم ویلی کے جنگلات میں قیمتی دیودار کی غیر قانونی کٹائی جاری

انہوں نے مزید کہا کہ کیرن فاریسٹ ڈویژن میں جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹیمیں متحرک ہیں اور ہر مشکوک سرگرمی پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور ان کی حفاظت ریاستی ذمہ داری ہے۔

ماحولیاتی ماہرین کے مطابق جنگلات کی غیر قانونی کٹائی سے شدید ماحولیاتی نقصانات جنم لیتے ہیں۔ درختوں کی بے دریغ کٹائی سے موسمیاتی تبدیلیوں میں اضافہ، بارشوں کے نظام میں بگاڑ، لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ جنگلات آکسیجن فراہم کرنے، کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جنگلات کا خاتمہ نہ صرف قدرتی ماحول بلکہ انسانی زندگی کے لیے بھی سنگین خطرات کا باعث بنتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:محکمہ جنگلات کے ظلم کا شکار شہری چھت سے محروم، وزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ

Scroll to Top