اسلام آباد (29 دسمبر 2025): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کسی اور کے نام پر جاری فون سمز کے استعمال سے متعلق اہم اعلان کیا ہے۔ پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اب تمام سمز کا صارف کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے، اور کسی اور کے نام پر رجسٹرڈ سمز کا استعمال قانون کی خلاف ورزی شمار ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق، پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ سم کے غلط استعمال کی مکمل ذمہ داری رجسٹرڈ صارف پر ہوگی۔ صارفین اپنی سمز اور ٹیلی کام کنکشنز کے استعمال کے خود ذمہ دار ہوں گے اور کالز، میسجز، اور ڈیٹا کے استعمال پر ضوابط کی پابندی لازمی ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
پی ٹی اے کے ڈائریکٹر کاشف غفور نے اس حوالے سے کہا کہ نیا انتباہ کوئی نیا اقدام نہیں بلکہ صارفین کو یاد دہانی کی صورت میں کرایا جاتا ہے۔ ایگریمنٹ میں واضح طور پر لکھا ہے کہ سم جاری کرانے والے شخص کے نام پر ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: موبائل سمز صارفین کیلئے اہم خبر، پی ٹی اے نے بڑا فیصلہ کرلیا
ڈائریکٹر پی ٹی اے نے مزید بتایا کہ قانون کے مطابق ایک شخص اپنے نام پر زیادہ سے زیادہ 8 سمز جاری کروا سکتا ہے اور سم کو استعمال کرنے کی ذمہ داری صرف صارف کی ہوگی۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف اپنے نام پر سم استعمال کریں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ابھی یہ حتمی فیصلہ نہیں ہوا کہ کسی اور کے نام پر سمز بند کی جائیں گی۔ تاہم، صارفین اپنی سمز کی تعداد جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 668 پر سینڈ کر سکتے ہیں، جس کے بعد انہیں میسج کے ذریعے اپنی سمز کی تعداد کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔




