میلبرن : ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی ۔
یہ کامیابی انگلش ٹیم کے لیے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ آسٹریلیا کے خلاف اسے ٹیسٹ کرکٹ میں کامیابی 14 سال کے طویل عرصے کے بعد نصیب ہوئی ہے ۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا باکسنگ ڈے ٹیسٹ محض دو دن میں اختتام پذیر ہو گیا ، جو جدید ٹیسٹ کرکٹ میں کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے ۔
انگلینڈ کو فتح کے لیے 175 رنز کا ہدف ملا تھا، جسے مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی سے حاصل کر لیا ۔
انگلینڈ کی جانب سے جیکب بیتھل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 40 رنز بنائے اور نمایاں رہے ، جبکہ زیک کرالی نے 37 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میری صحت خرابی سے متعلق چلنے والی خبریں جھوٹی ہیں،سابق قومی فاسٹ بولر شعیب اختر
بین ڈیکٹ نے 34 رنز کا اضافہ کیا اور جو روٹ 15 رنز بنا سکے ۔ آخری لمحات میں برائیڈن کارس نے 6 اور کپتان بین اسٹوکس نے 2 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا ۔
اس سے قبل آسٹریلیا کی بیٹنگ دونوں اننگز میں ناکام رہی ۔ میزبان ٹیم پہلی اننگز میں صرف 152 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی ۔
دوسری اننگز میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 132 رنز بنا کرتمام وکٹیں گنوا بیٹھی۔
انگلینڈ کے بولرز نے شاندار لائن اور لینتھ کے ساتھ آسٹریلوی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا ۔
اگرچہ آسٹریلیا کو چوتھے ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ، تاہم وہ پانچ میچوں کی ایشز سیریز میں 1-3 کی فیصلہ کن برتری برقرار رکھے ہوئے ہے ۔
سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 4 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا ، جہاں دونوں ٹیمیں سیریز کے اختتام کو یادگار بنانے کی کوشش کریں گی ۔




