رات کو نیند نہ آنا آج کل ایک عام مسئلہ بن گیا ہے اور لوگ ادویات کے بجائے قدرتی حل تلاش کرنے لگے ہیں ۔ ایسے میں کیلا چائے ایک آسان اور فائدہ مند مشروب کے طور پر سامنے آئی ہے، جو نیند کے معیار کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے ۔
کیلا چائے کیلے کے گودے، چھلکے یا دونوں کو اُبلتے پانی میں ڈال کر تیار کی جاتی ہے۔ چند منٹ اُبالنے کے بعد اسے چھان کر پیا جاتا ہے۔ یہ مشروب ہلکی میٹھی ہوتی ہے اور گھر میں آسانی سے بنائی جا سکتی ہے ۔
ماہرین کے مطابق کیلا چائے میں وہی غذائی اجزاء شامل ہو سکتے ہیں جو عام کیلے میں پائے جاتے ہیں، جیسے ٹرپٹوفین، میگنیشیم اور پوٹاشیم۔ یہ عناصر اعصاب کو پرسکون کرنے اور پٹھوں کے آرام میں مددگار ہوتے ہیں، جس سے نیند آنے میں آسانی ہو سکتی ہے۔
اگرچہ کیلا چائے پر براہِ راست سائنسی تحقیق محدود ہے، مگر یہ غذائی اجزاء پانی میں حل ہو کر اُبالنے کے دوران چائے میں منتقل ہو سکتے ہیں ۔
سونے سے پہلے گرم اور کیفین سے پاک مشروب پینا ایک مفید عادت ہو سکتی ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کیمومائل چائے یا نیم گرم دودھ بھی نیند کے معیار کو بہتر بنا سکتے ہیں، اور کیلا چائے اسی سلسلے میں ایک قدرتی متبادل ہے ۔
کیلا چائے بنانے کے آسان طریقے:
1۔ سادہ کیلا چائے: کیلا چھیل کر ٹکڑوں میں کاٹیں، 3 کپ پانی میں 3–5 منٹ اُبالیں اور چھان کر پئیں ۔
2۔ چھلکے سمیت کیلا چائے: نامیاتی کیلا دھو کر ٹکڑے کریں، پانی میں اُبالیں اور چھان کر پئیں ۔
3خشک کیلے کے چھلکے کی چائے: چھلکے خشک کریں، چند چمچ پانی میں اُبالیں، اور ذائقے کے لیے دارچینی یا شہد شامل کریں ۔
کیلے کے چھلکے بھی غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتے ہیں، اور انہیں خشک کر کے چائے کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ بچے ہوئے کیلے فریز کر کے بعد میں اسموتھی یا بیکنگ میں بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں ۔
کیلا چائے ایک آسان ، قدرتی اور خوش ذائقہ مشروب ہے جو نیند کو بہتر بنانے کے لیے روزمرہ کی عادات میں شامل کیا جا سکتا ہے ۔




