نیول اکیڈمی ،124ویں مڈشپ مین اور 32ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

کراچی: پاکستان نیول اکیڈمی میں 124 ویں مڈ شپ مین اور 32 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی جس میں 90 مڈشپ مین اور 34 ایس ایس سی کیڈٹس نے کامیابی کے ساتھ کورس مکمل کیا۔

کراچی میں ہونے والی پریڈ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی تھے، اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔

کیڈٹس نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو سلامی دی جبکہ کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

مڈشپ مین شہاب احمد کو اکیڈمی ڈرک دی گئی، مڈشپ مین محمد عزیز عباس کو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا، پاکستان سے آفیسر کیڈٹ عمر مختار اور عراق سے آفیسر کیڈٹ الذھبی فہد حسام فرید کو چیف آف نیول اسٹاف گولڈ میڈل دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نیوی کی ایک اور بڑی کامیابی، ہنگور کلاس چوتھی آبدوز غازی لانچ

کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمل احمد محمد ابراہیم آل بن علی نے پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مدعو کرنے پر پاک بحریہ کے سربراہ کا شکر گزار ہوں، میں بھی پاکستانی نیول اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہوں۔

رئیر ایڈمرل احمد ابراہیم آل بن علی نے کہا کہ کیڈٹس کیلئے امکانات کی ایک دنیا ہے، کیڈٹس اپنی بہترین صلاحیتوں سے ملک و قوم کو فائدہ پہنچائیں، پاکستان نیول اکیڈمی بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحرین پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاک بحرین دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔

پاکستان کے ساتھ اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں، پیشہ ورانہ زندگی میں کردار کی اہمیت ہے، دوسرے ممالک کے کیڈٹس کو تربیت دینا پاکستان نیول اکیڈمی کیلئے قابل فخر ہے۔

Scroll to Top