وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم کرنے پر بات چیت ہوئی۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان توانائی، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کا بطور صدر متحدہ عرب امارات پاکستان کا یہ پہلا دورہ تھا، امارات کے صدر کا استقبال وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے کیا، شیخ محمد بن زاید النہیان کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے حکام کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی تھا۔
ملاقات میں وزیراعظم پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے صدر نے مختلف شعبوں میں روابط مزید بڑھانے کے امکانات اور سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر غور کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک میں دیرینہ شراکت داری مزید مستحکم کرنے پر گفتگو کی، دونوں ممالک کی قیادت نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا، ملاقات میں جاری تعاون کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید النہیان اسلام آباد پہنچ گئے، ایئر پورٹ پہنچنے پر فقید المثال استقبال
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی سطح کی اہم صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امورپر قریبی رابطہ جاری رکھنے کے عزم کی توثیق کی اور دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں ممالک نے امن، استحکام اورپائیدارترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کرکام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق صدر شیخ محمد بن زایدالنہیان پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئے۔
ادھرامارات کے صدر نے پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال پر اظہارِ تحسین کیا اور ثقافتی و عوامی رابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے گہرے تعلقات پر روشنی ڈالی۔
آج اسلام آباد میں وزیرِاعظم جناب محمد شہباز شریف سے ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں، بالخصوص اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون اور اسے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی اور… pic.twitter.com/qeeWXfQ9BK
— محمد بن زايد (@MohamedBinZayed) December 26, 2025
شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے معیشت، توانائی، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں پاکستان کے ساتھ امارات کے وسیع تر تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان کے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں موجودہ کردار کا حوالہ دیتے ہوئے عالمی امن کے لیے امارات اور پاکستان کی مسلسل کوارڈینیشن کی اہمیت پر بھی بات کی۔
شیخ محمد زاید بن آل نہیان نے مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کی متحدہ امارات کی مستقل پالیسی کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ طریقے چیلنجز سے نمٹنے اور ترقی خوشحالی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے سب سے زیادہ مؤثر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی یو اے ای صدر کو شاندار فضائی سلامی
ملاقات میں شیخ محمد زاید بن آل نہیان اور ان کے وفد کے ارکان، اماراتی صدر کے مشیر شیخ سلطان بن حمدان آل نہیان، شیخ محمد بن حمد بن طحنون اال نہیان، امارات کے پاکستان میں سفیر سالم محمد الزابی سمیت کئی وزراء اور اعلیٰ حکام شامل تھے۔




