اقلیتوں سے ناانصافی یا زیادتی پر قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا، وزیراعظم پاکستان

مظفرآباد (25 دسمبر 2025) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقلیتوں سے کسی بھی قسم کی زیادتی یا ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے مسلح افواج میں مسیحی افسران اور جوانوں کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ قوم یہ خدمات کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بات وزیراعظم ہاؤس میں کرسمس کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم کرسمس منانے کے لیے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں، حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے انسانیت کو ظلم و جبر سے نجات دلائی اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام و حضرت مریم سلام اللہ علیہا کی تعلیمات آج بھی انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں، خاص طور پر مسیحی برادری کا تاریخی اور قابل قدر کردار ہے۔ قیام پاکستان سے آج تک اقلیتوں نے ہر شعبے میں اہم کردار ادا کیا، اور مسیحی برادری نے تعلیم، طب اور دفاع سمیت ہر شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے رواں سال مئی میں پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار کارکردگی کو بھی یاد دلایا اور کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو چھکے لگائے گئے، جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں بھارت کے سات جہاز گرائے گئے اور آٹھویں کو شدید نقصان پہنچا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرے قائد نواز شریف ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے محافظ رہے ہیں اور انہوں نے بطور وزیراعظم دیوالی اور کرسمس کے تہواروں میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے مساوات، عدل اور انصاف کا سبق دیا ہے، اور نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ سے یہ سبق ملتا ہے کہ انسانیت کے ساتھ بردباری اور محبت سے پیش آنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: قائداعظم کی استقامت، دیانت اور نظم و ضبط آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں: فیصل ممتاز راٹھور

شہباز شریف نے دکھی انسانیت کے لیے خدمات انجام دینے والے مسیحی بھائیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور خاص طور پر ہارون ولیم کو یاد کیا جنہوں نے دشمن سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ ہارون ولیم کے جنازے میں شرکت کی۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ کسی بھی اقلیتی شہری کے ساتھ زیادتی ہوئی تو قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا اور اقلیتوں سے زیادتی کرنے والے ہر ہاتھ کو روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پوری طرح کھڑی ہے اور ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:قائداعظمؒ کے یومِ ولادت پرکشمیر گرلز کیڈٹ کالج مظفرآباد میں پروقار تقریب کا انعقاد

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کا کیک بھی کاٹا، تقریب میں وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور غیر ملکی سفارتکار بھی شریک ہوئے۔

Scroll to Top