قائداعظمؒ کے یومِ ولادت پرکشمیر گرلز کیڈٹ کالج مظفرآباد میں پروقار تقریب کا انعقاد

مظفرآباد :بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر کشمیر گرلز کیڈٹ کالج مظفرآباد میں پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ذولفقار علی خان، پرنسپل میجر(ریٹائرڈ) عبدالرشید مغل، ڈائریکٹرز عابد خان خٹک، مطیع اللہ جان، زاہد عباسی، اساتذہ اور کیڈٹس نے شرکت کی۔

منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ذولفقار علی خان نے خطاب کرتے ہوئے قائداعظمؒ کے افکار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مضبوط پاکستان کا خواب نظم و ضبط، ایمان اور اتحاد سے ہی شرمندۂ تعبیر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام میں افواجِ پاکستان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بری، بحری اور فضائی افواج نے قربانیوں، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے سے ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا۔ ساتھ ہی قدرتی آفات، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن مشنز میں افواجِ پاکستان کی خدمات کو بھی سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآبادپریس کلب: بابائے قوم قائداعظم اور میاں نواز شریف کی سالگرہ منائی گئی

پرنسپل میجر(ریٹائرڈ) عبدالرشید مغل نے کہا کہ افواجِ پاکستان قائداعظمؒ کے اصولوں کی امین ہیں اور نوجوان نسل کو حب الوطنی، کردار سازی اور قومی خدمت کے جذبے سے آراستہ کر رہی ہیں۔ ڈائریکٹرز اور اساتذہ نے بھی پاکستان کی ترقی میں اداروں اور افواج کے مثبت کردار پر روشنی ڈالی۔ کیڈٹس نے تقاریر اور ملی نغموں کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی نے حکومتی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Scroll to Top