پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنماؤں کے ایک گروپ نے سیاسی مفاہمت کے فروغ کے لیے قائم نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی (این ڈی سی) کے پلیٹ فارم سے وزیر اعظم شہباز شریف کو باضابطہ خط ارسال کرتے ہوئے کوٹ لکھپت جیل میں قید پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو پیرول پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مجوزہ مذاکراتی عمل کو مؤثر، نتیجہ خیز اور قابلِ اعتماد بنانا بتایا گیا ہے۔
کمیٹی کے مطابق ان رہنماؤں کی رہائی مذاکراتی عمل کی قیادت، ساکھ اور تسلسل کے لیے ضروری ہے۔ خط 23 دسمبر کو وزیر اعظم کو بھیجا گیا، جس میں اپوزیشن، بالخصوص پی ٹی آئی، کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ کمیٹی نے اس پیشکش کو ملک کو درپیش بڑھتے ہوئے سیاسی، معاشی اور ادارہ جاتی بحرانوں کے تناظر میں ایک ’’سنہری موقع‘‘ قرار دیا ہے۔
خط میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل سے باہر موجود پی ٹی آئی کی سینئر قیادت ہی مذاکراتی عمل کے آغاز اور اس کے تسلسل میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔ قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ خط میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کا کوئی ذکر شامل نہیں کیا گیا، بلکہ تمام توجہ عملی طور پر دستیاب قیادت کے کردار پر مرکوز رکھی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جو مذاکرات کی بات کرے وہ عمران خان کا ساتھی نہیں، علیمہ خان
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے خط میں کوٹ لکھپت جیل میں قید ہائی پروفائل پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان رہنماؤں میں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور سابق سینیٹر اعجاز چوہدری شامل ہیں۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ان رہنماؤں کو پیرول پر رہا کیا جائے تاکہ وہ مذاکراتی عمل میں مؤثر انداز سے قیادت اور شرکت کر سکیں۔
خط کے متن کے مطابق کمیٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کا دار و مدار عملی اعتماد سازی کے اقدامات پر ہے۔ قید پی ٹی آئی رہنماؤں کی پیرول پر رہائی ایک مثبت اور اعتماد پر مبنی ماحول پیدا کرے گی، جو مختلف سیاسی فریقین کے درمیان باہمی اعتماد کی بحالی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر میثاقِ جمہوریت اور میثاقِ معیشت پر اتفاق رائے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ کمیٹی کے مطابق یہ دونوں معاہدے طویل المدتی سیاسی استحکام اور معاشی بحالی کے لیے ناگزیر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم محمد شہباز شریف نےپی ٹی آئی کو مشروط مذاکرات کی پیشکش کر دی
اس خط پر پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں محمود مولوی، عمران اسمٰعیل اور فواد چوہدری نے دستخط کیے ہیں۔ ان رہنماؤں کے مطابق نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کا قیام حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے مقصد سے عمل میں لایا گیا ہے۔ فواد چوہدری نے دی نیوز کے ساتھ اس خط کی کاپی بھی شیئر کی ہے۔




