رہائی کے بعد پہلے وی لاگ سے کتنی آمدن ہوئی؟ ڈکی بھائی کا حیران کن انکشاف

پاکستان کے سب سے زیادہ فالو کئےجانے والے یوٹیوبر ڈکی بھائی (سعد الرحمان) نے جیل سے رہائی کے بعد اپنے پہلے وی لاگ سے ہونے والی آمدنی پر جاری قیاس آرائیوں کا جواب دے دیا ہے۔

ڈکی بھائی کو چند ماہ قبل جوا ایپس کی تشہیر کرنے کے الزام میں ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا تاہم نومبر کے آخر میں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

ضمانت پر رہائی کے بعدڈکی بھائی نے یوٹیوب پر اپنی واپسی کی اور دوبارہ روزانہ وی لاگز اپ لوڈ کرنا شروع کر دئیے۔ ان کے پہلے ہی وی لاگ کو ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد ویوز ملےجس نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا ۔

یہ بھی پڑھیں: معروف یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی کیمپ جیل سے رہا

صارفین نے یہ دعوے کرنا شروع کر دئیے کہ ڈکی بھائی نے صرف ایک وی لاگ سے کروڑوں روپے کما کر اپنے نقصان کی تلافی کرلی۔

اپنے تازہ وی لاگ میںڈکی بھائی نے اپنے یوٹیوب چینل اور آمدنی کے حوالے سے اہم انکشافات کیے، جن میں انہوں نے بتایا کہ ان کی کمائی اور چینل کی حالت میں کافی مشکلات آ رہی ہیں۔

ڈکی بھائی نے وی لاگ میں اپنے چینل کی موجودہ صورتحال اور کمائی کے حوالے سے سچائی بیان کرتے ہوئے کہاکہ مجھے اپنے یوٹیوب چینل تک مکمل رسائی حاصل نہیں ہے، چینل پر صرف نوٹیفکیشن آرہا ہے کہ میں بطور ایڈیٹر شامل ہوں۔

مجھے نہ تو چینل کی آمدنی کی تفصیلات نظر آ رہی ہیں اور نہ ہی ویڈیوز اپلوڈ یا ڈیلیٹ کرنے کی اجازت ہے۔

انہوں نےکہا کہ میرا یوٹیوب چینل اب میرا نہیں رہا۔ میرے ایڈسینس کو بلاک کر دیا گیا ہے۔ لوگ جو کہتے ہیں کہ میں نے جیل کے بعد ویڈیوز سے بہت پیسہ کمایا، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ میں نے ایک روپیہ بھی نہیں کمایا۔ یہ چینل اس وقت میرا نہیں رہا، میرے ساتھ شدید ناانصافی ہو رہی ہے۔

ڈکی بھائی نے اپنے ریسٹورنٹ کے معاملات کے حوالے سے بھی خاموشی اختیار کی اور بتایا کہ میں نے ابھی تک ریسٹورنٹ میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس کی کوئی بھی تفصیل شیئر نہیں کی۔ اریب اس وقت تمام کاروباری معاملات اور اخراجات سنبھال رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اپنی فیملی کو کرپٹ مافیا کے ہاتھوں سے نجات دلانے پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ڈکی بھائی

ڈکی بھائی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل آ رہا ہے۔ کچھ لوگ ان کی حالت پر ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیںجبکہ بعض نے ان کے بیان کو سوالات اٹھانے والا قرار دیا ہے۔

تاہم ان کے مداحوں کا کہنا ہے کہ ڈکی بھائی نے اپنے معاملے کی حقیقت بیان کی ہے اور ان کے ساتھ جو ناانصافی ہوئی ہے، وہ بے حد افسوسناک ہے۔