اسلام آباد (18 دسمبر 2025):دفتر خارجہ نے رائٹرز کی اس خبر کی سختی سے تردید کر دی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل امریکا کا دورہ کریں گے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ “ہم نے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں اور ہمارے پاس کسی دورے یا ملاقات کی کوئی اطلاعات موجود نہیں ہیں۔” دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے دورے سے متعلق رائٹرز کی خبر درست نہیں ہے اور کسی دورے کی منصوبہ بندی یا حتمی فیصلے سے متعلق کوئی معلومات موجود نہیں ہیں۔ سرکاری دوروں کا اعلان حکومت پاکستان باضابطہ طور پر کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل گیمزاختتامی تقریب:چیف آف ڈیفنس فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور بلاول بھٹو مہمان خصوصی
سیکیورٹی ذرائع نے بھی تصدیق کی کہ رائٹرز کی اسٹوری من گھڑت اور افسانوں پر مبنی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ فلسطین سے متعلق پاکستان کا مؤقف واضح ہے اور اسے نائب وزیراعظم پہلے ہی بیان کر چکے ہیں، اس کے علاوہ تاحال امریکا میں کوئی اعلیٰ سطح کی ملاقات متوقع نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر اسمبلی،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کے حق میں قراردادیں منظور
ذرائع کے مطابق، آئی ایس ایف سے متعلق فیصلہ جمہوری روایات کے مطابق کیا جائے گا اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی اعلان کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ اور سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ کسی بھی اعلیٰ سطح کے سرکاری دورے یا ملاقات کے حوالے سے خبروں کی تصدیق صرف سرکاری اعلامیے کے ذریعے کی جائے گی۔




