سڈنی: آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز نے سڈنی حملہ کے دوران حملہ آور کو پکڑنے والے ہیرو احمد الاحمد کی ہسپتال میں عیادت کی اور کہا کہ احمد الاحمد آسٹریلیا کے اتحاد اور حوصلے کی علامت ہیں اور آسٹریلیا دہشتگردی کے ذریعے تقسیم نہیں ہوگا۔
آسٹریلوی وزیراعظم نے احمد الاحمد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے انتہائی مشکل وقت میں بہادری کا مظاہرہ کیا، آپ نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر حملہ آور سے بندوق چھینی اور بے شمار زندگیاں بچائیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ آپ پورے آسٹریلیا کے ہیرو ہیں، آپ نے برائی کا انسانیت کی طاقت سے مقابلہ کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتھونی البانیز نے کہا کہ احمد الاحمد آسٹریلیا کے سب سے اچھے آدمی ہیں جو عاجزی سے بھرے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب، احمد الاحمد نے عربی میں ویڈیو پیغام کے ذریعے خیرخواہوں کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ان کے علاج کے لیے اب تک 19 لاکھ آسٹریلوی ڈالر جمع ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ احمد الاحمد، جو ایک پھلوں کی دُکان کے مالک ہیں، بونڈائی بیچ پر ہونے والے حملے کے وقت اتفاقاً وہاں موجود تھے اور وہ ایک دوست کے ساتھ کافی پینے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سڈنی: حملہ آور کو روکنے والے احمد الاحمد پرانعامات کی بارش
واضح رہے کہ یہ واقعہ 14 دسمبر 2025 کو سڈنی کے مشہور بونڈی بیچ پر پیش آیا، جب ایک عوامی تقریب کے دوران دو مسلح افراد نے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ پولیس نے واقعے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا۔ اس دوران احمد الاحمد، جو وہاں اتفاقاً موجود تھے، نے بے خوف ہو کر ایک مسلح حملہ آور کا مقابلہ کیا۔ احمد نے حملہ آور کی بندوق چھین کر اسے بے اثر کر دیا اور اس بہادری سے مزید جانی نقصان روکنے میں مدد ملی۔ اس کارروائی میں احمد زخمی بھی ہوئے، لیکن ان کی بے مثال ہمت اور قربانی نے کئی زندگیاں بچائیں۔ پوری آسٹریلیا میں احمد الاحمد کی بہادری کو سراہا جا رہا ہے اور انہیں حقیقی ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔




