بارش

سردی کی نئی لہر ، این ڈی ایم اے کا بارش و برف باری سے متعلق الرٹ جاری

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بروز ہفتہ 13 سے 18 دسمبر 2025 کے دوران بارش اور برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے ۔

قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم ابرآلود رہنے کی اطلاع دی ہے اور 18 دسمبر تک بارش و برف باری کی وارننگ جاری کی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق مری ، گلیات اور دیگر قریبی پہاڑی علاقوں میں بھی مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے ۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا ، کوہستان ، گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا واضح امکان ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان کے بعض حصوں میں بھی بارش اور برف باری ہو گی ۔

13 سے 15 دسمبر کے دوران مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی اور مغربی علاقوں میں اثرانداز ہوگا ، جس کی وجہ سے دھند کی شدت میں اضافے کی توقع ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ،الرٹس جاری

میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے، جبکہ پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے ۔ خاص طور پر کوہستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا خدشہ ہے ۔

گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث پہاڑی راستوں پر ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے اور بعض مقامات پر سڑکیں بند ہونے کی بھی توقع ہے ۔

بلوچستان میں کوئٹہ، زیارت اور شمال مغربی حصوں میں ہلکی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری پڑے گی ۔

بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن سے ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔ شمالی علاقوں میں بھی متعدد مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی برفباری کا امکان ہے ۔

Scroll to Top