جاوید چوہدری

عوام آمدہ انتخابات میں موقع دیں ، عباسپور کو ماڈل حلقہ بناؤں گا، اُمیدوار اسمبلی جاوید چوہدری

پونچھ (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی رہنماء اور اُمیدوار اسمبلی حلقہ پونچھ عباسپور جاوید چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پونچھ عباسپور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک واقع ہونے اور ماضی میں حکومت کی عدم توجہی کے باعث بنیادی مسائل کا شکار ہے ۔

جاوید چوہدری نے کشمیر ڈیجیٹل نیوز کے نمائندے سخاوت سدوزئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوام انہیں آنے والےعام انتخابات میں موقع دیں تو وہ اس حلقے کو ماڈل حلقہ میں تبدیل کریں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت پونچھ عباسپور کے عوام بنیادی سہولیات کے فقدان کا سامنا کر رہے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کل چنار ہاؤس میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرینگے

خاص طور پر صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اور بنیادی ڈھانچے میں بھی بہتری کی ضرورت  ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسائل تو پوری ریاست کے ہیں لیکن یہ حلقہ خاص طور پر مشکلات کا مرکز رہا ہے کیوں کہ ایل او سی کی قریبی حدود میں ہونے کی وجہ سے ترقیاتی کام ہمیشہ محدود رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حلقے میں عوامی مسائل کے حل کے لیے جامع اصلاحات اور منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے ۔ جاوید چوہدری نے یقین دلایا کہ انتخابی کامیابی کی صورت میں وہ پونچھ عباسپور میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری ، صحت کے شعبے میں اصلاحات اور تعلیم و دیگر عوامی خدمات کو فروغ دیں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر بنے گا پاکستان کنونشن نظریاتی استحکام کا عزم،سمعیہ ساجدراجہ

انہوں نے عوام سے پُزور اپیل کی کہ وہ ترقی اور بہتری کے لیے آئندہ عام انتخابات میں پی پی پی کا ساتھ دیں تاکہ پونچھ عباسپور نہ صرف ترقی کرے بلکہ دیگر حلقوں کے لیے ایک ماڈل ثابت ہو ۔

Scroll to Top