چین

چینی سائنسدانوں کا اہم کارنامہ ، چکن کا متبادل اور ماحول دوست گوشت تیار کر لیا

بیجنگ: چین کے سائنس دانوں نے فوڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے چکن کا ایک سستا اور ماحول دوست متبادل تیار کر لیا ہے ۔

رپورٹس کے مطابق یہ نیا پروڈکٹ جدید فرمینٹیشن اور فائبر اسٹرکچرنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے ۔ اس میں پودوں سے حاصل شدہ غذائی اجزا اور فنگس پر مبنی پروٹین استعمال کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اسے نہ صرف چکن کی طرح پکایا جا سکتا ہے بلکہ ساخت اور ریشوں کے اعتبار سے بھی یہ اصلی چکن کے قریب ہے ۔

چینی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس متبادل گوشت کا بنیادی مقصد پولٹری فارمنگ پر بڑھتے ہوئے انحصار کو کم کرنا ہے کیونکہ موجودہ پولٹری انڈسٹری مہنگی ہونے کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی اور غذائی تحفظ جیسے مسائل بھی پیدا کرتی ہے ۔ نیا پروڈکٹ عوام کو کم قیمت اور غذائیت سے بھرپور متبادل فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مڈلینڈ ڈاکٹرز میڈیکل انسٹیٹیوٹ دل کے مریضوں کیلئے امید کی کرن بن گیا

فوڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین کے مطابق یہ ایجاد طویل المدتی غذائی تحفظ کے چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے ، خاص طور پر ان ممالک کے لیے جہاں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔متبادل گوشت جلد ہی منتخب مارکیٹس میں دستیاب ہوگا ، اور اس کے بعد ریسٹورنٹس، پیکڈ فوڈز اور گھریلو استعمال کے لیے بھی پیش کیا جائے گا ۔

اس پیش رفت سے نہ صرف صارفین کو فائدہ ہوگا بلکہ ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی کیونکہ اس قسم کے متبادل گوشت کی تیاری کیلئے روایتی پولٹری فارمنگ کی ضرورت بہت کم ہو گی۔ یہ نیا پروڈکٹ اس بات کا عندیہ دیتا ہے کہ مستقبل میں غذائی تحفظ اور ماحول دوست متبادل گوشت کی مارکیٹ میں اہم تبدیلیاں آسکتی ہیں ۔

Scroll to Top