ملک بھر میں میٹرک آرٹس کے طلبہ کو پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ میں داخلے کی اجازت مل گئی۔
انٹر بورڈ کوآرڈی نیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے ملک بھر میں میٹرک آرٹس گروپ کے طلبہ کیلئے انٹر میں پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس میں داخلے کی اجازت دی۔
یہ بھی پڑھیں: آکسفورڈ مباحثہ میں پاکستانی طلبہ کی شاندار فتح : بھارتی پینل کو شکست دیدی
ترجمان آئی بی سی سی کے مطابق 4 اور 5 دسمبر 2025 کو کراچی میں منعقدہ 183ویں اجلاس میں یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی سفارشات اور مشاورت کے بعد متفقہ طور پر کیا گیا۔
اس سلسلے میں پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی)، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی)، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، نیشنل کریکولم کونسل (این سی سی) اور صوبائی کریکولم اتھارٹیز کی آرا شامل تھیں۔
آئی بی سی سی کے ڈائریکٹر نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق یہ پالیسی 2026 کے پہلے سالانہ ایس ایس سی امتحانات سے نافذ العمل ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق داخلہ دینے والے ادارے میرٹ کے تقاضے پورے کرنے کے لیے کم از کم نمبروں کی حد، پلیسمنٹ ٹیسٹ لینے جیسے انتظام کا اہتمام کریں۔
یہ فیصلہ کیمبرج کی طرز پر کیا گیا ہے جو ملک کی تعلیمی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت ہے۔یہ فیصلہ آنے سے مستقبل میں انٹر کے بعد یونیورسٹیز میں داخلہ لینے والے طلبہ کو آسانی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:چینی یونیورسٹی کا پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان
اس ضمن میں متعلقہ تعلیمی ادارے داخلوں کے سلسلے میں اقدامات کرتے ہوئے کم سے کم مارکس/میرٹ تھریش ہولڈ یا aptitude test رجحان ٹیسٹ بھی لے سکتے ہیں تاکہ یکسانیت برقرار رہ سکے۔
تاہم اس حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ متعلقہ بورڈ اپنے بورڈ آف گورنرز یا متعلقہ اتھارٹی کی سطح پر کرسکتا ہے۔ نوٹیفکیشن کی کاپی پورے ملک کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کو بھجوادی گئی ہے۔




