آزاد کشمیر میں برفباری اور بارش کا نیا سلسلہ، سردی کی شدت میں اضافہ

آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جس سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ میدانی علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے۔ وادی نیلم کے بالائی مقامات، جیسے تاؤبٹ، جاگراں ویلی، لوات بالا، اڑنگ کیل، گریس اور سرگن ویلیز میں پانچ سے آٹھ انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

پیر چناسی اور کوہ مکڑا سمیت دیگر بلند پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری جاری ہے جس سے درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بالائی علاقوں میں برفباری کے دوران احتیاط برتیں۔

مظفرآباد اور اس کے گردونواح میں بارش سے درجہ حرارت گر گیا ہے جبکہ وادی لیپہ اور وادی جہلم کے پہاڑی علاقوں میں برفباری سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ شہریوں نے سردی سے بچاؤ کے لیے گرم ملبوسات کا استعمال بڑھا دیا ہے اور گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

ایس ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مقامی افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کی منصوبہ بندی کریں اور بالائی علاقوں میں برفباری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Scroll to Top