ارشد ندیم نےرواں سال دوسرا گولڈ میڈل جیت لیا

کراچی (8 دسمبر 2025): قومی ہیرو اور پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے رواں برس ایک اور شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوسرا طلائی تمغہ جیت لیا۔ کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز کے پانچویں روز ایتھلیٹکس کے فائنل مقابلوں میں جیولین تھرو ایونٹ نے شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی، جہاں ارشد ندیم نے پاکستان واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے اعزاز کا بھرپور دفاع کیا اور ایک مرتبہ پھر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔

مقابلے کے دوران ارشد ندیم نے پہلی تھرو 78.4 میٹر کی پھینکی، جب کہ دوسری تھرو میں انہوں نے 77.77 میٹر کا فاصلہ طے کر کے اپنی فارم کو برقرار رکھا۔ تاہم حقیقی برتری انہیں تیسری تھرو میں ملی، جہاں 81.81 میٹر دور نیزہ پھینک کر انہوں نے اپنے تمام حریفوں پر نمایاں سبقت حاصل کر لی۔ یہ تھرو نہ صرف ان کی مہارت کا ثبوت بنی بلکہ میدان میں موجود ناظرین کی توجہ بھی انہی پر مرکوز رہی۔

ایونٹ میں پاکستان واپڈا ہی کے یاسر سلطان نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 70.77 میٹر کی تھرو کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ یاسر سلطان اس سے قبل اسلامی یکجہتی گیمز میں سلور میڈل بھی جیت چکے ہیں۔ تیسری پوزیشن پاک آرمی کے محمد ابرار کے حصے میں آئی جنہوں نے 67.68 میٹر کی تھرو کے ساتھ برانز میڈل اپنے نام کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 35 ویں نیشنل گیمز 2025 کا باقاعدہ آغازہو گیا

یاد رہے کہ ارشد ندیم نے اسی سال ریاض میں منعقدہ اسلامک گیمز میں 83.05 میٹر تھرو کرکے سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا اور اس سے پہلے پیرس اولمپکس میں بھی ریکارڈ تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔ گزشتہ برس کوئٹہ میں ہونے والے نیشنل گیمز میں بھی انہوں نے 78.02 میٹر تھرو کر کے گولڈ جیتا تھا۔ وہ پہلے ہی لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں اور رواں برس ان کی یہ دوسری فتح ان کی مستقل کامیابیوں کا تسلسل ظاہر کرتی ہے۔ تمام حقائق اور اعداد و شمار کے مطابق ان کی کارکردگی اس سال پاکستان کے ایتھلیٹکس منظرنامے میں سب سے نمایاں رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لندن کے لارڈز میں پی ایس ایل کا روڈ شو، سرمایہ کاری کی دعوت

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ نیشنل گیمز نوجوان پلیئرز کے لیے انتہائی اہم ہیں کیونکہ انہی گیمز سے پاکستان کو آئندہ کے ایتھلیٹس ملیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایونٹ میں ہر تھرو مقابلے کے مطابق کیا، انجری سے مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں اور فی الحال خود پر مکمل فوکس ہے۔ ارشد ندیم نے کہا کہ نگاہیں اگلے اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے پر مرکوز ہیں اور وہ دوران مقابلہ دیگر پلیئرز کو بھی رہنمائی فراہم کرتے رہے۔

ارشد ندیم نے یہ بھی واضح کیا کہ زندگی کی سب سے اہم کامیابیاں سلمان بٹ کی کوچنگ میں حاصل کیں۔

Scroll to Top