اسلام آباد : پاکستان ٹیلی مواصلات اتھارٹی ( پی ٹی اے ) نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ( پی ٹی سی ایل ) کو ٹیلی نار کے حصول کے لئے این او سی جاری کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق و آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی )جاری کرنے سے پہلے پی ٹی اے نے مجوزہ ٹرانزیکشن کا ہر پہلو سے جامع تجزیہ کیا ۔ اس دوران مسابقتی ماحول، صارفین کے مفادات، اور ٹیلی کام انڈسٹری پر ممکنہ اثرات کو باریک بینی سے پرکھا گیا ۔
ریگولیٹری تقاضوں کی مکمل پاسداری یقینی بنانے کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں سے مشاورت کا عمل بھی شامل رہا۔این او سی کے اجرا کے بعد پی ٹی سی ایل اب قانونی و تجارتی شرائط پوری کرتے ہوئے حصول کے اگلے مراحل پر کام کر سکے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:غیر ملکی سموں کی خریدو فروخت کرنیوالوں کاگھیرا تنگ،پی ٹی اے نے بڑا اقدام اٹھا لیا
اس معاہدے پر عمل درآمد کے دوران پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار دونوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خدمات کی بلا تعطل فراہمی، معیارِ خدمات (QoS)، اور لائسنس کی تمام شرائط کی مکمل پابندی کو یقینی بنائیں۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ وہ پورے ٹرانزیکشن کی نگرانی جاری رکھے گا تاکہ صارفین کے حقوق کا مؤثر تحفظ ہو سکے اور ملک میں ایک مضبوط، مسابقتی اور مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے ۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف ٹیلی کام مارکیٹ میں صحت مند مسابقت کو برقرار رکھنے میں مدد دے گا بلکہ ملک میں جدید اور پائیدار ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے بھی اہم ثابت ہوگا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی اے چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا




