میرپور (کشمیر ڈیجیٹل )آزاد کشمیر حکومت نے منگلا ڈیم سے متاثر ہونے والے 2376 خاندانوں کے بجلی کے تمام بقایا جات مکمل طور پر معاف کر دئیے ہیں ۔ اس حوالے سے محکمہ توانائی و آبی وسائل آزاد کشمیر نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرین کے بجلی کے بقایا جات کی مجموعی رقم تقریباً 13 کروڑ 91 لاکھ 70 ہزار روپے بنتی ہے ۔ متاثرین میں وہ خاندان شامل ہیں جو منگلا ڈیم کی توسیع اور بلندی بڑھانے کے منصوبے کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے۔ حکومت کا یہ فیصلہ طویل عرصے سے زیر التوا مطالبات کو پورا کرنے کیلئے کیا گیا ہے ۔
منگلا ڈیم متاثرین کئی دہائیوں سے بجلی کے بلوں میں رعایت اور بقایا جات کی معافی کے مطالبات کر رہے تھے، اور یہ اقدام ان کے لیے بڑی راحت کا سبب بنے گا ۔ نوٹیفکیشن میں بلوں کی معافی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور متاثرہ خاندانوں کے بجلی میٹرز پر موجود تمام پرانے بقایا جات کو صفر کر دیا جائے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر حکومت سازی ؛وفاقی حکومتی کمیٹی کی صدرمملکت سے اہم ملاقات کا امکان
یہ اقدام نہ صرف متاثرین کے مالی بوجھ کو کم کرے گا بلکہ حکومت کی جانب سے ان کے حقوق کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کی اہمیت کو بھی ظاہر کرتا ہے ۔ اس سے ہزاروں خاندانوں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی اور وہ اپنی روزمرہ کی زندگی میں آسانی محسوس کریں گے ۔
حکومت کے اس اقدام کو منگلا ڈیم متاثرین کے دیرینہ مطالبات کے حل کے طور پر سراہا جا رہا ہے ۔ اس سے یہ پیغام بھی جاتا ہے کہ متاثرہ افراد کی مشکلات کو نظر انداز نہیں کیا جا رہا اور ان کے لیےریاستی حکومت کی جانب سے موثر اور فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔




