پاسپورٹ

شہریوں کے لیے آن لائن پاسپورٹ بنانے کا نہایت آسان طریقہ متعارف کروا دیا گیا

محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے شہریوں کے لیے آسانی پیدا کرتے ہوئے ای سروسز پورٹل کے ذریعے آن لائن پاسپورٹ بنانے کا طریقہ کار جاری کردیا ہے،اب شہری لمبی قطاروں اور انتظار کے بغیر آن لائن پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں ۔

محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ شہری آن لائن پاسپورٹ رینیول یا نئی درخواست دینے کے لیے آفیشل ویب سائٹ www.onlinemrp.dgip.gov.pk کا وزٹ کریں ۔

ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ اگر صارف کا پہلے سے اکاؤنٹ موجود ہے تو وہ لاگ ان کے بٹن پر کلک کرے ۔ نئی رجسٹریشن کیلئے Register بٹن پر کلک کریں،

رجسٹریشن فارم میں تمام مطلوبہ معلومات درج کریں اور درست موبائل نمبر اور ای میل کا اندراج یقینی بنائیں ۔

معلومات درج کرنے کے بعد دیا گیا کوڈ انٹر کریں اور Next پر کلک کریں ۔ اس کے بعد صارف کے ای میل پر ویری فکیشن لنک موصول ہوگا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بحرین نے گولڈن ویزا حاصل کرنے کے لیے قوانین میں نرمی کر دی

لنک پر کلک کر کے ویری فکیشن کوڈ درج کریں۔ کامیاب رجسٹریشن کے بعد لاگ ان پر جا کر اپنا ای میل اور پاسورڈ درج کریں ۔

ویڈیو میں یہ بھی بتایا گیا کہ نئی درخواست دینے یا رینیول کے لیے پانچ مختلف آپشن موجود ہیں، جن میں سے صارف اپنی ضرورت کے مطابق انتخاب کر سکتا ہے ۔

یاد رہے کہ پاسپورٹ رینیول کے لیے موجودہ پاسپورٹ کی مدت ایک سال سے کم ہونی چاہیے، اور اہم ترامیم جیسے نام یا پیشہ آن لائن درخواست میں ممکن نہیں ہوں گی ۔

شہری اپنے قریبی پاسپورٹ آفس کو ڈراپ ڈاؤن مینو سے منتخب کر سکتے ہیں، تاکہ اگر دفتر جانا پڑے تو طویل فاصلے کی پریشانی نہ ہو ۔

مزید براں، آن لائن درخواست کے دوران مرد یا خواتین کی تصویر سے متعلق تفصیلات بھی ویڈیو میں فراہم کی گئی ہیں ۔

اپ لوڈ کی جانے والی فائل کا سائز 1 ایم بی سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے اور تمام دستاویزات PNG، JPG یا JPEG فارمیٹ میں ہوں ۔

Scroll to Top