پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹر عرفان صدیقی کی وفات کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر عابد شیر علی کو اُمیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔
پارٹی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ نواز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ، جہاں شرکاء نے متفقہ طور پر عابد شیر علی کے نام کی منظوری دی ۔
یاد رہے کہ سینیٹر عرفان صدیقی گزشتہ ماہ اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے ۔ وہ مارچ 2021 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بی آئی ایس پی نے ہنرمندوں کیلئے نیا پروگرام شروع کردیا، شمولیت کا طریقہ کار جانیے
الیکشن کمیشن پنجاب نے اس نشست پر ضمنی انتخاب کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق اُمیدوار 4 سے 5 دسمبر 2025 تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے ۔
جمع شدہ کاغذات کی ابتدائی فہرست 6 دسمبر کو جاری کی جائے گی ، جس کے بعد 8 دسمبر کو جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا ۔
الیکشن کمیشن نظرِ ثانی شدہ فہرست 13 دسمبر کو شائع کرے گا ، جبکہ اُمیدواروں کو 15 دسمبر تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی اجازت ہوگی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نوازشریف کو دل کے قریب پاتا ہوں، سردار میراکبر،ن لیگ میں شمولیت کی تیاری
ترجمان کے مطابق ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 24 دسمبر کو پنجاب اسمبلی میں ہوگی، جہاں اراکینِ اسمبلی اپنے ووٹ کاسٹ کریں گے ۔
سیاسی حلقوں کے مطابق عابد شیر علی کے اُمیدوار نامزد ہونے سے مسلم لیگ (ن) کو ضمنی انتخاب میں مضبوط پوزیشن حاصل ہوگی ۔
پارٹی کا مؤقف ہے کہ یہ فیصلہ تنظیمی یکجہتی اور سیاسی حکمتِ عملی کے تحت کیا گیا ہے اوراُمید کی جا رہی ہے کہ وہ اس نشست پرواضح کامیابی حاصل کریں گے ۔




