اسلام آباد:آزادکشمیر کے سینئر سیاستدان ، سابق چیئرمین پی ڈی اے راولاکوٹ سردار ارشد نیازی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں حکومت کی تبدیلی کے بعد گزشتہ اڑھائی سال کا ریاست پر طاری جمود بالآخر ختم ہوگیا ہے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مہم جوئی کی تو پاک فوج 6گھنٹوں میں مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرا دیگی۔
کشمیر ڈیجیٹل کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں سردار ارشد نیازی نے کہا کہ فیصل ممتاز راٹھور سابق وزیراعظم راجہ ممتاز راٹھور کے صاحبزادے ہیں مگر عوام میں اتنے پاپولر نہیں اس کے باجود میں سمجھتا ہوں کہ پیپلزپارٹی نے آزادکشمیر میں فیصل ممتاز راٹھور کی صورت میں نوجوان سیاسی قیادت کو ریاستی حکومت تفویض کرکے گزشتہ اڑھائی سال کا کفارہ ادا کیا ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد جس طرح پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر پاکستان کو بچایا اسی طرح آزادکشمیر میں انوارالحق سرکار کو ہٹا کر نوجوان قیادت سامنے لاکر ریاستی تشخص کو بحال کیا ۔
یہ بھی پڑھیں: محمد سجاد چیئر مین آزادکشمیر سروس ٹریبونل ،راجہ شفیق اللہ ممبرتعینات
سردار ارشدخان نیازی کا کہنا تھا کہ نوجوان وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور جہاں کہیں بھی گئے عوام کا جم غفیر ان کے استقبال کیلئے نکل آیا،عوامی استقبال سے پتہ چلتا ہے کہ اقتدار میں اب کافی حد تک عوامی مینڈیٹ کے مطابق عوامی وزیراعظم براجمان ہے ۔
سردار ارشد نیازی کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر پیپلزپارٹی کو بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی کیلئے آنیوالے وقت میں بڑے کڑے امتحان سے گزرنا پڑے گا۔
سابق وزیراعظم انوارالحق تو کہہ رہے ہیں کہ وہ بھرا ہوا خزانہ چھوڑ کرآئے ہیں جو چھ ماہ میں خالی نہیں ہوسکتا۔ ایک طرف عوامی ایکشن کمیٹی ہے تو دوسری جانب عوامی مسائل منہ کھولے انتظار میں ہیں ۔ دیکھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی اس مشکل وقت سے اپنے آپ کو کیسے نکالتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کا مہاجرین جموں وکشمیر کی آزادکشمیر اسمبلی سے مخصوص نشستیں ختم کروانے کا مطالبہ غیر آئینی اور غیر ضروری ہے اور جب عوامی ایکشن کمیٹی یہ مطالبہ سامنے لائی تو سب سے پہلے میں نے اس کی مخالفت کی ۔
کسی کی جرات نہیں کہ وہ مہاجرین کی نشستیں ختم کرسکے یا کشمیر کوپس پشت ڈالے ، یہ ہمارے ہوتے ہوئے ممکن نہیں ۔
سردار ارشد خان نیازی کا کہنا تھا کہ مسلح افواج پاکستان کشمیریوں کی پشت بان ہے ،آزادکشمیر کے لوگوں کا پاکستانی سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں سے اختلافات ہوسکتا ہے مگر افواج پاکستان کشمیریوں کی محافظ ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی نے نظریہ پاکستان، تحریک آزادی کو نقصان پہنچایا ، سردارارشد نیازی
پاکستان ہمارا محافظ ہے ، حالیہ جنگ میں جس طرح فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کو ناکوں چنے چبوائے بھارت کو دنیا بھر میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، اگر مودی نے دوبارہ کوئی مہم جوئی کی تو افواج پاکستان 6گھنٹے میں مقبوضہ کشمیر آزاد کروا کر دنیا کو حیران کردیگی۔
سردار ارشد نیازی کا کہنا تھا کہ مودی کو یاد رکھنا چاہیے کہ کشمیر غزہ نہیں اور ہندوستان اسرائیل نہیں ۔ آزادکشمیرکے عوام بلا تنخواہ پاکستان کے سپاہی ہیں۔ آزادکشمیر میں نیشنلسٹ آٹے میں نمک کے برابر نہیں ہیں ۔




