بھارتی سینئر کھلاڑیوں اور کوچ کے درمیان ڈریسنگ روم میں کشیدگی،بی سی سی آئی پریشان

بھارتی میڈیا کی حالیہ رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور سینئر بیٹرز ویرات کوہلی اور روہت شرماکے درمیان تعلقات میں بڑھتی ہوئی تلخی نے بھارتی ٹیم کے اندر سنگین نوعیت کی کشیدگی پیدا کر دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی ون ڈے ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول اس وقت شدید دباؤ اور بے چینی کا شکار ہے، جس نے ٹیم مینجمنٹ اور بورڈ دونوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے دونوں سینئر کھلاڑیوں کی واپسی کے باوجود وہ گرمجوشی پیدا نہیں ہوسکی جو ٹیسٹ سیریز کے دوران ٹیم میں نظر آئی تھی۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ اور دونوں سینئر بیٹرز کے درمیان اعتماد میں واضح کمی آئی ہے جبکہ بات چیت بھی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انگلش کرکٹرمعین علی نے آئی پی ایل چھوڑدی، پی ایس ایل کھیلنے کیلئے تیار

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوہلی اور روہت کی جانب سے اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بعد سے تعلقات میں دراڑیں کھل کر سامنے آئی ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران بھی متعدد ناخوشگوار پہلو سامنے آئے جن میں روہت شرما اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کے درمیان عملاً کوئی رابطہ نہ ہونا بھی شامل تھا۔ دوسری جانب کوہلی اور گمبھیر کے درمیان کم ہوتی بات چیت نے بھی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

آن لائن پلیٹ فارمز پر گمبھیر کے خلاف ہونے والی تنقید نے بھی ماحول کو مزید حساس بنا دیا ہے، جس پر بی سی سی آئی کے اعلیٰ حکام سخت ناخوش ہیں۔ جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل ٹیم مینجمنٹ، کوچ اور سینئر بیٹرز کے درمیان محدود رابطے نے نہ صرف ٹیم کے ماحول پر سوالات کھڑے کیے ہیں بلکہ بورڈ کے لیے مستقبل کے حوالے سے تشویش بھی بڑھا دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ایک نازک مرحلے سے گزر رہی ہے اور سینئر بیٹرز اور کوچ کے درمیان ہم آہنگی ٹیم کی آئندہ کامیابیوں کے لیے ناگزیر ہے۔ اختلافات، غیر یقینی کیفیت اور ڈریسنگ روم کی کشیدگی نے بھارتی ٹیم کے مجموعی ماحول کو متاثر کیا ہے، جسے بی سی سی آئی مستقبل کے لیے خطرے کی گھنٹی کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

Scroll to Top