وزیراعظم آزادکشمیرکادورۂ نیلم، مختلف مقامات پر شاندار استقبال

وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے دورۂ نیلم کا دوسرا روز بھرپور عوامی پذیرائی کے ساتھ جاری رہا۔ دن بھر سیگام، کیرن، دنجر، نگدر اور دواریاں میں وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا گیا۔ سیگام، کیرن اور دیگر مقامات پر وزیراعظم کی آمد پر لوگوں نے پرتپاک نعروں، گل پاشی اور روایتی جوش و خروش کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

لوات اور دواریاں میں وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں شرکاء نے پاکستان، افواجِ پاکستان، تحریکِ آزادی کشمیر، پیپلزپارٹی اور فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص اور بھنگڑے بھی ڈالے جبکہ مختلف بازاروں سے گزرنے کے دوران تاجروں نے وزیراعظم پر گل پاشی کی۔

اس اہم دورے میں موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزیر سید بازل علی نقوی اور سردار جاوید ایوب بھی وزیراعظم کے ہمراہ رہے۔ لوات میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی فوج کشمیریوں پر بربریت کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے یومِ تاسیس پر وزراء کے ساتھ نیلم میں موجود ہونا اُن کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال آٹھمقام کا وزیراعظم آزادکشمیرکا اہم دورہ

خطاب میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت محرومیوں کا خاتمہ کرے گی۔ ہم نے وقت ضائع نہیں کرنا، عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے مسائل کے حل کے لیے کابینہ اجلاس بلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیلم کے مسائل موسٹ سینئر وزیر کے ساتھ مل کر حل کریں گے۔ ہم نے یہ حکومت چھ مہینے کے لیے نہیں لی بلکہ ذمہ داری سنبھالی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ترقیاتی منصوبوں کی فاسٹ ٹریک تعمیر،محکمے فنڈز کی 100فیصد یوٹیلائزیشن یقینی بنائیں،وزیراعظم فیصل راٹھور

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بلاول بھٹو کی سرپرستی اور حکومتِ پاکستان کا تعاون ان کے ساتھ موجود ہے۔ ہمارے سامنے چیلنجز زیادہ ہیں لیکن یقین ہے کہ سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل عوام سڑکوں پر تھے جبکہ آج لوگ سیاسی جماعتوں پر اعتماد کر رہے ہیں۔

Scroll to Top