سعودی دارالحکومت ریاض میں وزارت میڈیا اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ریاض سیزن کے دوران پاکستانی کلچرل ویک کا شاندار آغاز ہو گیا ہے۔ اس ثقافتی ہفتے کے پہلے روز ہزاروں پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکیوں نے شرکت کی اور پاکستان کی متنوع ثقافت کا بھرپور مظاہرہ دیکھا۔
پاکستان کے چاروں صوبوں کی ثقافت پر مبنی پریڈ میں رنگ و نور کی بہار دیکھی گئی، جس میں ہر صوبے کی روایتی رنگینی اور ثقافتی ورثہ واضح طور پر نظر آیا۔ اس موقع پر نامور گلوکار ابرارالحق نے اپنی شاندار پرفارمنس سے ہزاروں شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے اپنی مشہور گانوں کی پرفارمنس پیش کی اور ریاض سیزن کے حاضرین کو محظوظ کیا۔
پاکستانی کلچرل ویک کے لیے پاکستان سے معروف سوشل میڈیا انفلونسرز کے علاوہ میڈیا ہاؤسز کے نمائندگان کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی سفارت خانہ پاکستان کے افسران نے بھی اس تقریب میں شرکت کی اور پاکستانی ثقافت کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی میں اپنا کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایچ ایم ڈی کی پہلی بار اپنا فلپ لیپ ٹاپ لانچ کرنےکی تیاری
اس موقع پر سفارت خانہ پاکستان کی پولیٹیکل سیکرٹری اقراء نے کہا کہ ریاض سیزن میں پاکستانی ثقافت کو نمایاں مقام حاصل ہے اور جس طرح سعودی عرب دنیا بھر کی ثقافتوں کو اہمیت دے رہا ہے، اس سے مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے درمیان تعلقات کو فروغ ملتا ہے۔
ابرارالحق نے بھی اس تقریب پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی اور وزارت میڈیا کے شکر گزار ہیں، اور ان کی کاوش کو سراہتے ہیں جو پاکستان سمیت دیگر ممالک کی ثقافت کو اجاگر کرکے بین الاقوامی ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکہ نے افغان پاسپورٹ پر سفر کرنے والوں کے ویزے روک دیے
پاکستانی کلچرل ویک نہ صرف ثقافتی اظہار کا موقع فراہم کر رہا ہے بلکہ سعودی عرب میں پاکستان کی شناخت اور اس کی رنگین ثقافت کو عالمی سطح پر روشناس کرانے کا بھی بہترین پلیٹ فارم ہے۔




