سری لنکا کے بعد سمندری طوفان بھارت کی طرف بڑھنے لگا

سری لنکا میں شدید تباہی پھیلانے کے بعد سمندری طوفان دتوا بھارت کی جانب بڑھنے لگا ہے، جس نے دونوں ممالک کے ساحلی علاقوں میں تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق سمندری طوفان دتوا آج بھارت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس پیش گوئی نے ساحلی آبادی کو بے حد پریشان کر دیا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ نے صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کے ساتھ حفاظتی اقدامات بھی بڑھا دیے ہیں۔

بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ساحلی علاقوں میں طوفان کے زیر اثر شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، جس سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی علاقوں میں سڑکیں پانی میں ڈوب چکی ہیں، آمدورفت متاثر ہوئی ہے اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔ اسی صورتحال کے باعث ہوائی سفر بھی متاثر ہوا اور تامل ناڈو میں 50 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس کے نتیجے میں مسافروں کو مشکلات پیش آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے افغان پاسپورٹ پر سفر کرنے والوں کے ویزے روک دیے

اس سے قبل سری لنکا میں سمندری طوفان دتوا کے باعث ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کی گئی۔ شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب مجموعی صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی تھی۔ ان واقعات کے نتیجے میں 153 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ حکام کے مطابق زیادہ تر اموات لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہوئیں، جب کہ شمالی اور مشرقی علاقوں میں ہونے والی 300 ملی میٹر تک کی بارش نے حالات کو مزید خراب کیا۔ ایسی بارشوں نے زمینی توازن کو متاثر کرتے ہوئے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ کیا، جس سے مزید جانی نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی حالت تشویشناک، آئی سی یو منتقل

طوفان کی پیش قدمی اور مسلسل بارشوں کے باعث دونوں ممالک میں متاثرہ آبادی کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔ متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور حکومتی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top