راولپنڈی: قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر صائم ایوب نے کہا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے ، انشاء اللہ سری لنکا کے خلاف فائنل میچ میں اچھا کھیل کرقومی ٹیم کوکامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کروں گا ۔
تفصیلات کے مطابق سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری گروپ میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کن معرکے میں عمدہ کھیل پیش کر کے ٹیم کو فتح دلاؤں گا ۔
انہوں نے کہا کہ ہر میچ ہمارے لیے اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور یہ بات بڑی یا چھوٹی میچ کی نہیں بلکہ کھیل کے معیار اور کارکردگی کی ہے ۔
اوپنر بیٹر نے کہا کہ سری لنکا کے بولرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے ہمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شکست کے باوجود ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور ہم فائنل جیتنے کے لیے پُرعزم ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سراج نے عوام کو ایئر انڈیا میں سفر نہ کرنے کا مشورہ دے دیا
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے ، بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں ترقی ہورہی ہے اور گراف مستقل طور پر اوپر جا رہا ہے ۔
صائم ایوب نے اُمید ظاہر کی کہ فائنل میچ میں ٹیم اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ بہترین کھیل پیش کرے گی اور شائقین کے اعتماد پر پورا اترے گی ۔
اس موقع پر صائم ایوب نے یہ بھی کہا کہ ٹیم کے کھلاڑی اپنی تکنیکی مہارتوں پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں اور ہر کھلاڑی ٹیم کے مقصد کے لیےپُرعزم ہے ۔
انہوں نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ رہیں اور فائنل میں ان کی بھر پورحوصلہ افزائی کریں ۔



