سہ ملکی ٹی 20 : پاکستان کی ٹاس جیت کر سری لنکن ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت

راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل)سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے چھٹے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہہ ملکی ٹی 20 سیریز کا آخری گروپ میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر سری لنکن کپتان داسن شانکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے بعد کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے، پچ بولنگ اور بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے۔


میچ کے لیے قومی اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسپنر عثمان طارق اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا جب کہ فاسٹ بولر سلمان مرزا اور ابرار احمد کی فائنل الیون میں واپسی ہوئی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انٹرنیشنل کرکٹ جوا کھیلنے والے امپائر سمیت 2ملزمان گرفتار

سری لنکا کی جانب سے زمبابوے کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے اور کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون


پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ صائم ایوب، بابر اعظم، صاحب زادہ فرحان اور عثمان خان ٹیم میں شامل ہیں جب کہ فخر زمان، محمد نواز، فہیم اشرف، وسیم جونیئر، سلمان مرزا اور ابرار احمد بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

سری لنکا کی پلیئنگ الیون
سری لنکا کی ٹیم میں پاتھم نسانکا، کوسال مینڈس (وکٹ کیپر)، کامِل مشارا، کوسال پریرا، جانتھ لیانیگے، داسن شاناکا (کپتان)، پوان رتھنا ایکے، وانندو ہسارنگا، دشمانتھا چمیرا، ماہیش تھیکشنا اور ایشان مالنگا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم اب تک سیریز کے تمام میچز میں ناقابل شکست رہی ہے اور سہ ملکی سیریز کے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر چکی ہے۔

سری لنکا کو فائنل مقابلے میں رسائی یقینی بنانے کے لیے میچ میں پاکستان کو شکست دینی ہوگی لیکن پاکستان سے شکست کی صورت میں لنکن ٹائیگرز اور زمبابوے میں سے بہتر رن ریٹ کی حامل ٹیم فائنل میں گرین شرٹس کا مقابلہ کرے گی۔

Scroll to Top