مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیرِ صحت عامہ سید بازل علی نقوی عہدے کا چارج سنبھالتے ہی عوامی توجہ کا مرکز بن گئے۔
پہلے روز ہی ان کے دفتر میں شہریوں، عمائدینِ علاقہ، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مختلف محکموں کے افسران کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ مبارکباد پیش کرنے والوں کا تانتا دن بھر بندھا رہا
دفتر کے اندر اور باہر دن بھر مسلسل گہماگہمی ،دفتر آنے والوں کا کہنا تھا کہ نئی قیادت سے انہیں صحت کے شعبے میں مثبت تبدیلیوں کی بھرپور امید ہے۔
انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ وزیرِ صحت عامہ عوامی مسائل کے حل اور اصلاحات کے نفاذ میں عملی اقدامات کریں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بیٹھک ،رحیم آباد بازار میں ٹریفک کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کرگیا،عوام پریشان
وزیرِ حکومت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اولین ترجیحات میں اجتماعی فلاحی منصوبوں کی تکمیل، صحت کے نظام میں بہتری، اور عوامی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے مراکز میں سہولیات کی فراہمی، جدید مشینری کا اضافہ، عملے کی مؤثر تعیناتی اور دور دراز علاقوں میں طبی خدمات کی رسائی بہتر بنانا ان کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کا اعتماد ان کے لیے ایک بڑا سرمایہ ہے اور وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کے لیے پوری محنت اور ایمانداری سے کام کریں گے۔
وزیر موصوف نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ شکایات کے فوری ازالے کے لیے اوپن ڈور پالیسی جاری رکھی جائے گی۔
عوامی حلقوں نے وزیرِ صحت عامہ کے عزائم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئے اقدامات سے شعبۂ صحت میں قابلِ ذکر بہتری آئے گی۔



