بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ بند کرنےکی درخواست پر جیل سپریٹنڈنٹ کا جواب

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست پر جیل سپریٹنڈنٹ کا جواب سامنے آ گیا۔

جیل سپریٹنڈنٹ نے عدالت میں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کی سرگرمی جیل سے نہیں ہو رہی۔ بانی پی ٹی آئی جیل میں سخت نگرانی میں ہیں اور ان کے پاس موبائل سمیت کوئی بھی ممنوعہ چیز موجود نہیں ہے۔ جواب میں واضح کیا گیا کہ اکاؤنٹ کوئی باہر سے چلا رہا ہے اور بانی پی ٹی آئی کے پاس براہِ راست اکاؤنٹ چلانے کی سہولت موجود نہیں ہے۔

جیل سپریٹنڈنٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی جیل میں مکمل سرویلنس میں ہیں اور اکاؤنٹ کے استعمال میں ان کی کوئی شمولیت نہیں ہے۔ عدالت میں یہ وضاحت جمع کرائی گئی تاکہ یہ تعین ہو سکے کہ اکاؤنٹ بیرونی طور پر ہی آپریٹ ہو رہا ہے۔ عدالت میں جمع کرائے گئے جواب کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے پاس موبائل یا کوئی ایسی چیز موجود نہیں جس سے وہ اپنا ایکس اکاؤنٹ استعمال کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے وکلاء کی ملاقات، جیل حکام کو فہرست ارسال

یہ جواب اس درخواست کے بعد سامنے آیا، جس میں کہا گیا تھا کہ ان کا ایکس اکاؤنٹ غیر قانونی طور پر استعمال ہو رہا ہے اور اسے بند کرنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست کی سماعت 4 نومبر کو مقرر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بنیاد پر بڑا آپریشن، بھارتی پراکسی دہشتگرد ہلاک

درخواست گزار شہری غلام مرتضیٰ نے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ کے ذریعے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ دوران قید بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے مبینہ غیر قانونی اور انتشاری پوسٹس جاری کی جا رہی ہیں، جنہیں ہٹانے اور مستقبل میں ایسی پوسٹس کی اشاعت روکنے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی، نیشنل سائبر کرائم ایجنسی، جیل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر متعلقہ فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے۔

Scroll to Top