مظفر آباد(کشمیر ڈیجیتل) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کو شیڈول بینک کا درجہ دلانے کے عمل میں تیزی لانے اور ہیلتھ کارڈ کے فوری اجراء کیلئے تمام ضروری تکنیکی و انتظامی اقدامات اٹھانے کی واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اس اہم اجلاس میں خطے کی معاشی تقویت، عوامی فلاح اور حکومتی اصلاحات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری مالیات اسلام زیب نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیلتھ کارڈ پروگرام کے ذریعے لاکھوں شہریوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس کے اجراء کیلئے تیاریوں کو آخری مراحل میں لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی شیڈولنگ کے جاری پروسیس کے تکنیکی پہلوؤں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ دونوں منصوبوں پر رفتار مزید بڑھائی جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈپلومیٹک پاسپورٹ کیس:سردارتنویرالیاس کے وارنٹ گرفتاری برقرار
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست خدمت، شفافیت اور عوامی فلاح کی بنیاد پر کھڑی ہے، اس لیے حکومت ہر حال میں عملی نتائج دے گی۔
انہوں نے کہا کہ “ہمیں منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہے۔ ذمہ داری ہماری ہے اور اسے نبھانا بھی ہم نے ہی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی فلاح کے لیے مربوط حکمتِ عملی اپنائی جائے اور تمام محکمے باہمی رابطے کے ساتھ مؤثر انداز میں کام کریں۔
اجلاس میں وزرائے حکومت چوہدری قاسم مجید اور سردار ضیاالقمر کے علاوہ پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان، سیکرٹری اطلاعات سردار عدنان خورشید، سیکرٹری جنگلات انصر یعقوب خان، سیکرٹری مالیات اسلام زیب اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومت عوامی مفاد کے تمام منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی اور خطے کے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔




