اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ اللہ کے بے پایاں فضل و کرم سے ضمنی انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ ن کے ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے نصب العین پر اعتماد کا اظہار کیا جس پر عوام کے مشکور ہیں۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ساہیوال NA-143 سے چوہدری طفیل جٹ اور PP-203 سے چوہدری حنیف جٹ کے ساتھ ساتھ لاہور NA-129 سے حافظ محمد نعمان کی کامیابی قائد میاں محمد نواز شریف کی لازوال قیادت اور وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز کی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت کا ثمر ہے۔
اللہ کے بے پایاں فضل و کرم سے ضمنی انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ ن کے ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے نصب العین پر اعتماد کا اظہار کیا جس پر عوام کے مشکور ہیں. ساہیوال NA-143 سے چوہدری طفیل جٹ اور PP-203 سے چوہدری حنیف جٹ کے ساتھ ساتھ لاہور NA-129 سے حافظ محمد نعمان کی کامیابی…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) November 23, 2025
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کے باقی حلقوں میں بھی انشاء اللہ عوامی فیصلہ شیر کے حق میں ہی ہوگا کیونکہ پاکستانی عوام جھوٹ اور انتشار کی بجائے ترقی، خوشحالی اور امن چاہتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہونیوالے ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے کامیابی سمیٹی ہے اور تحریک انصاف کو ہری پور سے عمرا یوب کی نشست پر بھی شکست کا سامنا ہے۔
لاہور سے مسلم ليگ ن کے حافظ میاں محمد نعمان 63441 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
غیرحتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق حافظ میاں محمد نعمان 63441 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ارسلان احمد 29099 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 143 ساہیوال 3 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم ليگ ن کے محمد طفیل 136223 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ آزاد امیدوار ضرار اکبر چوہدری 13220 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
حلقہ این اے 185 ڈیرہ غازی خان 2 کے تمام 226 پولنگ اسٹیشنزکے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم ليگ(ن) کے محمود قادر خان 82413 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے۔
پیپلز پارٹی کے دوست محمد کھوسہ 49262 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔




