اسلام آباد: پاکستان کے انٹرنیٹ صارفین کے لیے ایک اہم اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے مطابق پاکستان سی می وی 6 سب میرین کیبل سسٹم سے منسلک ہوگیا ہے۔ اس شمولیت کے بعد پاکستان کا سنگاپور اور فرانس سمیت ان ممالک سے رابطہ مزید تیز، مستحکم اور آسان ہوجائے گا جن کے نیٹ ورکس اس جدید بین الاقوامی نظام سے منسلک ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان 19 ہزار 200 کلومیٹر طویل ہائی اسپیڈ فائبر نیٹ ورک کے ذریعے یورپ سے جڑ گیا ہے۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ یہ فائبر نیٹ ورک نہ صرف پاکستان کو سنگاپور اور فرانس سے ملانے میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ اس پورے نظام کے ذریعے ڈیٹا ٹریفک کی رفتار، کارکردگی اور معیار میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ بتایا گیا کہ فائبر نیٹ ورک پاکستان کو سنگاپور، فرانس کے درمیان ممالک سے منسلک کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: دوہری نیشنلٹی رکھنے والی کویتی خاتون کی شہریت منسوخ کردی گئی
اس جدید سب میرین سسٹم کے کنسورشیم میں ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس پاکستان اور بنگلادیش سب میرین کیبل کمپنی بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق نئے کیبل سسٹم کی مجموعی استعداد سابقہ سسٹمز کے مقابلے میں دگنی ہے، جس سے پاکستان کی ڈیجیٹل ضروریات اور بڑھتی ہوئی بینڈوڈتھ کی طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
وزارت آئی ٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا، مصر، ملائیشیا اور دیگر ممالک کے نیٹ ورکس بھی اس نظام کا حصہ ہیں۔ وزارت آئی ٹی نے مزید بتایا کہ پاکستان کے لیے کل 13.2 ٹی بی پی ایس بینڈوڈتھ مختص کی گئی ہے، جس میں سے 4 ٹی بی پی ایس کو فوری طور پر فعال کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس فیصلے سے کلاؤڈ سروسز، ڈیٹا سینٹرز، ای کامرس اور مجموعی طور پر ڈیجیٹل معیشت کو واضح اور براہ راست فائدہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کیرالا : ٹریفک حادثے کا شکار دلہن نے ہسپتال میں شادی کر لی
ترجمان وزارت آئی ٹی نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کی عالمی ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی بہتر ہوگی بلکہ پاکستان کا علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ڈیجیٹل ڈیٹا روٹس میں کردار بھی مضبوط ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس طرح کے جدید کیبل سسٹمز پاکستان کی انٹرنیٹ اسپیڈ، ڈیٹا ٹرانسفر اور تکنیکی انفراسٹرکچر کو ایسے مرحلے پر لے جائیں گے جہاں بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ تاہم ترجمان کے مطابق پورا عمل صرف فراہم کردہ سسٹم اور شراکت دار ممالک کے ذریعے ہی آگے بڑھایا جا رہا ہے۔




