باغ، آزاد جموں و کشمیر: وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کی درخواست پر بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
دانش اسکول باغ کی سنگ بنیاد تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے حویلی اور لیپہ وادی میں اسکولوں کی تعمیر کا بھی اعلان کیا، تاکہ بچوں کی تعلیم میں سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ان اسکولوں کی تعمیر آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیر اعظم فیصل راٹھور کے لیے ایک تحفہ ہے۔
تقریب میں وفاقی وزراء، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور آزاد جموں و کشمیر کے سینئر رہنما بھی موجود تھے۔ قابل ذکر ہے کہ دانش اسکول باغ کی بنیاد رکھنے کی تقریب پہلے دو بار ملتوی ہو چکی تھی، جبکہ دانش اسکول بھمبر کی بنیاد رکھی جا چکی ہے اور نیلم وادی میں بھی دانش اسکول کی بنیاد رکھی جائے گی۔
دنیا بھر میں بچوں کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم نے پیغام میں کہا کہ بچوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے عالمی سطح پر تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے ذہنی اور جسمانی نشوونما، تحفظ اور تعلیم و تربیت ان کے حقوق کی کلیدی بنیاد ہیں، اور حکومت تعلیم کے ایمرجنسی اقدامات سمیت بچوں کی فلاح کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زمین پر بیٹھ کر کھانا کھانے کی ویڈیو وائرل
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بچوں کی فلاح و بہبود، حقوق اور تعلیم و تربیت کی اہمیت کو مکمل طور پر اجاگر کر رہا ہے۔ اس سال عالمی دن بچوں کے حقوق، ترقی اور مسائل پر توجہ مرکوز کرنے والے موضوع “میرا دن، میرے حقوق” کے تحت منایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بچوں کے خلاف تشدد کے واقعات کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات اہم ہیں اور ہر باصلاحیت بچے کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے دانش اسکول باغ کے منصوبے پر تیز رفتار کام کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ سی ڈی ڈبلیو پی نے باغ، آزاد کشمیر میں دانش اسکول کے لیے 3.42 ارب روپے کی منظوری دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: باغ میں دانش سکول کا سنگ بنیاد:وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان
وزیراعظم نے کہا کہ تعلیمی اسکالرشپس، طبی سہولیات، اور بچوں کے لیے ہنر مندی کے مراکز کا قیام بنیادی ضرورت ہے، جبکہ حکومت پاکستان بچوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے صوبائی حکومتوں، کشمیر اور عالمی سطح پر بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔




