امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پاک بھارت جنگ رکوانے میں کلیدی کردار ادا کیا اور یہ سب ساڑھے تین سو فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی کے ذریعے ممکن ہوا۔
صدر ٹرمپ نے سعودی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاک بھارت جنگ ساڑھے تین سو فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی سے روکی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور بھارت اس وقت ایٹمی جنگ کے قریب تھے اور صورتحال نہایت سنگین تھی۔ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے کہا جنگ نہیں روکیں گے تو میں ٹیرف لگاؤں گا اور امریکا کے ساتھ تجارت نہیں کر سکیں گے۔
اپنے خطاب میں امریکی صدر نے مزید کہا کہ انہیں کہا گیا کہ آپ ایسا نہیں کرسکتے جس پر میں نے جواب دیا کہ میں کرنے لگا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں ایٹمی ہتھیار چلانے نہیں دوں گا جس سے لاکھوں لوگ مارے جائیں اور نیوکلیئر ڈسٹ لاس اینجیلس کے اوپر اڑ رہی ہو۔ ٹرمپ کے مطابق انہوں نے جنگ نہ کرنے کی صورت میں اچھے تجارتی معاہدے کی پیشکش کی جس کے بعد بھارتی وزیر اعظم نے فون کر کے کہا کہ وہ جنگ میں نہیں جارہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ادارہ صحت کی اسموگ سے متعلق ایڈوائزری جاری
امریکی صدر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کال کرکے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹرمپ جانتے نہیں لیکن انہوں نے لاکھوں لوگوں کی جان بچائی۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اس معاملے میں ان کی مداخلت نہ ہوتی تو صورتحال سنگین رخ اختیار کر سکتی تھی اور تنازع ایٹمی حدوں کو چھو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی جنگ کے دہانے پر تھے اور وہ اس سلسلے میں کسی بھی ممکنہ تباہی کو روکنے کے لیے فوری اقدام کیے بغیر نہیں رہ سکتے تھے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر اس سے قبل بھی درجنوں بار پاک بھارت جنگ بندی کا ذکر کرچکے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز بھی کہا تھا کہ دنیا میں 8 بڑی جنگیں روکیں جس پر انہیں فخر ہے۔ انہوں نے اس بیان میں بھی اس پاک بھارت جنگ کا حوالہ دیا جو ان کے مطابق دوبارہ شروع ہونے والی تھی لیکن ان کی مداخلت سے رکی۔ صدر ٹرمپ کے مطابق ان کا مقصد ہمیشہ انسانی جانوں کو بچانا اور عالمی سطح پر امن کو برقرار رکھنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی دباؤ اور سخت معاشی فیصلوں کے ذریعے بھی وہ جنگ جیسے بڑے تنازعات کو روک سکتے ہیں، اور یہی حکمت عملی انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال میں استعمال کی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کیلئے فضائی حدود بندش میں مزید توسیع ،ایئر انڈیا کو ہزاروں کروڑ نقصان کا بھارتی اعتراف
یہ تمام دعوے ٹرمپ کی جانب سے عالمی تنازعات میں اپنے کردار کے حوالے سے بار بار دہرائے جانے والے بیانات کا حصہ ہیں جن میں وہ یہ مؤقف اختیار کرتے ہیں کہ انہوں نے متعدد سنگین عالمی بحرانوں میں بروقت قدم اٹھا کر امن قائم رکھنے میں مدد دی۔




