زلزلے

گوادر اور تربت میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شدت 3.8 ریکارڈ

بلوچستان کے ضلع گوادر اور تربت میں پیر کی صبح ہلکے نوعیت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زمین لرزنے کی شدت 3.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 76 کلومیٹر تھی۔ زلزلہ پیما کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز تربت شہر سے تقریباً 13 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا۔

زلزلے کے جھٹکے چند سیکنڈ تک جاری رہے، جس پر شہری گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ جھٹکے ہلکے تھے، لیکن اچانک حرکت کے باعث انہیں خوف محسوس ہوا۔ اس اچانک صورتحال کے پیدا ہونے پر شہریوں نے فوری طور پر کھلے مقامات کا رخ کیا، جب کہ کچھ افراد نے اپنے اہلخانہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

ریسکیو اور انتظامی اداروں نے فوری طور پر علاقے میں رابطہ کیا، تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ انتظامیہ نے زلزلے کے بعد صورتحال کے جائزے کے لیے مقامی سطح پر معلومات اکٹھی کیں اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی۔

محکمہ زلزلہ پیما کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے اس خطے میں معمول کے مطابق وقفے وقفے سے زلزلے آتے رہتے ہیں، اور موجودہ جھٹکا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق جھٹکے چونکہ کم شدت کے تھے، اس لیے نقصان کا خدشہ نہیں تھا، تاہم شہریوں کی احتیاط ضروری ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ مستند ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں تاکہ غلط خبریں پھیلنے سے صورتحال میں بے چینی نہ پیدا ہو۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 11 اکتوبر کو پنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا تھا۔ 11 اکتوبر کو لیہ، کروڑ لعل عیسن اور گردونواح میں رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے بعد گھبراہٹ کے عالم میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ زلزلہ اچانک آیا اور چند سیکنڈز تک زمین لرزتی رہی۔ جھٹکوں کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ کئی مقامات پر لوگ دعائیں مانگتے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے نظر آئے۔ ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ زلزلے کا مرکز جنوبی پنجاب کے قریب کسی مقام پر ہوسکتا ہے، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

Scroll to Top