مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی فضا میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وزیرِ حکومت پروفیسر تقدیس گیلانی نے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی حکومت کا ساتھ چھوڑتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں باقاعدہ طور پر شمولیت اختیار کر لی ہے ۔
ذرائع کے مطابق پروفیسر تقدیس گیلانی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ فریال تالپور سے ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا ، جس میں پی پی پی قیادت نے انہیں پارٹی کا حصہ بننے کی دعوت دی ۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تقدیس گیلانی کی شمولیت نہ صرف خواتین کی نمائندگی کو مضبوط کرے گی بلکہ پارلیمانی صورت حال میں بھی اہم کردار ادا کرے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خواتین کو جائیداد میں حصہ،برابر حقوق دے کر پائوں پر کھڑا کرنا ہوگا، تقدیس گیلانی
پروفیسر تقدیس گیلانی گزشتہ عام انتخابات میں خواتین کی مخصوص نشست پر رکنِ اسمبلی منتخب ہوئی تھیں اوراس وقت حکومتی صفوں میں اہم ذمہ داریاں نبھا رہی تھیں ۔ تاہم موجودہ سیاسی صورت حال اور نئے اتحادوں کی تشکیل کے پیشِ نظر انہوں نے پیپلز پارٹی کا انتخاب کیا ۔
ان کی شمولیت کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے لیے حمایت کرنے والے ارکان کی تعداد اب بڑھ کر 38 تک پہنچ گئی ہے، جس نے وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب سے قبل سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھا دیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دیوان علی خان چغتائی پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کو پیارے ہو گئے
تجزیہ نگاروں کے مطابق پیپلز پارٹی کی پوزیشن اب آزاد کشمیر بھر میں پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہو چکی ہے جبکہ حکومت کے خیمے میں بے چینی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت آزادکشمیر مسئلہ کشمیر کے حوالے سےاپنی ذمہ داری پوری کرے گی،تقدیس گیلانی




