چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنگ مسلط کرنیوالوں کو اسی طرح جواب دیا جائے گا جیسا مئی میں دیا گیا تھا ۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صحافیوں سے گفتگوکے دوران کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن کسی نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو جواب اسی طرح دیا جائے گا جیسا کہ مئی میں دیا گیا تھا ۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یہ ایوان صدر میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کی ۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بھارت کے خلاف ہونے والی جنگ میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا، پاکستان ہمیشہ اپنے دفاع اور خودمختاری کے لیے مضبوط موقف اختیار کرتا ہے ۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے درمیان گزشتہ روز ملاقات ہوئی ، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی ۔ ملاقات میں معاشی ، تجارتی ، سرمایہ کاری ، صحت ، تعلیم اور دفاعی تعاون کے فروغ پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔
رہنماؤں نے اسٹریٹجک اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خطے اور بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ تعاون مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئینی تحفظ دینے جارہے ہیں،بلاول بھٹو زرداری
شاہ عبداللہ دوم نے غزہ کے معاملے پر اردن کی حمایت کے لیے پاکستان کی تعریف کی جبکہ علاقائی سکیورٹی اور امن کے اقدامات پر بھی تفصیلی گفت و شنید ہوئی ۔
فلسطین کے مسئلے پر دونوں ممالک نے یکساں مؤقف کا اعادہ کیا اورغزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی کھل کر مخالفت کی ۔ اس کے علاوہ 8عرب اسلامی ممالک کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر وفاقی وزراء بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو افغانستان اور بھارت سے متعلق صورت حال سے آگاہ کیا، جس پر شاہ عبداللہ نے پاکستان کے خطے میں امن قائم رکھنے کے کردار کی تعریف کی ۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچنے پر ہوائی اڈے پر صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے شاہ عبداللہ دوم اور ان کے اعلیٰ سطحی وفد کاپُر تپاک استقبال کیا ۔




