محکمہ منصوبہ بندی آزادکشمیر کا ادارہ شماریات سے ڈیٹاشیئرنگ کا معاہدہ

اسلام آباد: ادارہ شماریات پاکستان کے زیر اہتمام ’’ڈیٹافیسٹ 2025‘‘کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے ماہرینِ شماریات ، پالیسی ساز اداروں کے نمائندگان، محققین اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات آزاد کشمیر اور ادارہ شماریات پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کئے گئے۔

یہ اہم معاہدہ آزاد کشمیر بیورو آف اسٹیٹِسٹکس کی محنت، کاوشوں اور موثر رابطہ کاری کے نتیجے میں ممکن ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ تعلیم سکولز آزاد کشمیر اور کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا کردار سازی تعلیم ماڈل معاہدہ طے پا گیا

مفاہمتی یادداشت پر سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات آزاد کشمیر عامر لطیف اعوان اور ممبر سپورٹ سروسز، ادارہ شماریات پاکستان محمد سرور گوندل نے دستخط کئے۔

اس موقع پرعاطف الرحمن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ڈویلپمنٹ)، آزاد کشمیر نے اپنی موجودگی سے تقریب کو رونق بخشی، جبکہ محمود انجم، چیف شماریات، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات بھی دستخطی تقریب میں موجود تھے۔

اس معاہدے کا مقصد وفاقی و ریاستی سطح پر شماریاتی نظام کو مضبوط بنانا، ڈیٹا کے تبادلے کو فروغ دینااور آزاد کشمیر کو قومی ڈیٹا فراہم ورک میں فعال طور پر شامل کرنا ہے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو درج ذیل معاونت فراہم کی جائے گی۔

ڈیٹا شیئرنگ فریم ورک میں شمولیت
آزادکشمیر کو مختلف مردم شماریوں اور سرویز کے ڈیٹا شیئرنگ فریم ورک میں شامل کیا جائے گا۔ 2023 کی ڈیجیٹل مردم شماری سے متعلق رپورٹ محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کو سرکاری استعمال کے لیے فراہم کی جائے گی۔

ضلع وار ڈیٹا اور رپورٹس کی فراہمی
ادارہ شماریات پاکستان مختلف قومی سرویز جیسے پاکستان سوشیو اکنامک (PSLM)، لیبر فورس سروے (LFS)، اور ہاؤس ہولڈ انٹیگریٹڈ اکنامک سروے (HIES) کی علیحدہ (ضلع وار) رپورٹس محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو فراہم کرے گا۔

آئندہ مردم شماریوں اور سرویز میں شمولیت
آزاد کشمیر کو مستقبل کی مردم شماریوں اور سرویز میں شامل کیا جائے گا، اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو کوآرڈینیشن، تربیت، اور مانیٹرنگ کے مراحل میں شامل کیا جائے گا۔

تربیتی پروگرامز
ادارہ شماریات پاکستان آزاد جموں و کشمیر کے افسران کے لیے جی ڈی پی کے تخمینے اور قیمتوں کے شماریات سے متعلق تربیتی پروگرام منعقد کرے گا، جن کی تفصیلات فریقین باہمی اتفاق سے طے کریں گے۔

ڈیسیژن سپورٹ سسٹم برائے افراطِ زر میں شمولیت
جیسے ہی آزاد جموں و کشمیر میں قیمتوں سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل شروع ہوگا، ادارہ شماریات پاکستان محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے لیے ایک تخصیص شدہ ڈیسیژن سپورٹ سسٹم (DSSI) تیار کرے گا۔

موزہ مردم شماری ڈیش بورڈ کی فراہمی
ادارہ شماریات پاکستان محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو موزہ مردم شماری سے متعلق ڈیش بورڈ فراہم کرے گا تاکہ ریاستی سطح پر وسائل کی منصفانہ تقسیم میں مدد مل سکے۔

اس ڈیش بورڈ کو آزاد کشمیر آئی ٹی بورڈ کے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ بھیlink کیا جائے گا۔

یہ معاہدہ آزاد جموں و کشمیر میں شواہد پر مبنی پالیسی سازی، ڈیٹا کے معیار میں بہتری، اور ادارہ جاتی صلاحیت کے فروغ کی سمت میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔

ڈیٹافیسٹ میں طلبہ کی شمولیت نے نوجوان نسل میں ڈیٹا کے موثر استعمال کی آگاہی کو فروغ دیا، جو مستقبل میں پالیسی سازی کے عمل کو مزید سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

Scroll to Top