پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کو ری شیڈول کردیا گیا

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے بقیہ 2 میچز کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نےسوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے بقیہ ون ڈے میچز 14 اور 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے پاکستان ٹور جاری رکھنے کے فیصلے پر شکر گزار ہیں۔سیریز کے اگلے دونوں میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی ہوں گے۔

اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے 2 ون ڈے 13 اور 15 نومبر کو ہونے تھے۔پاکستان کو 3 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے منیجر کا بیان سامنے آیا تھا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر واپس جانا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیم شیڈول کے مطابق دورہ پاکستان جاری رکھے گی،سری لنکن کرکٹ بورڈ

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن ٹیم کی سکیورٹی بڑھانے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

اس اعلان کے بعد وفاقی وزیر اطلاوعات عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آمد پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ۔

عطا تارڑ نے کہا کہ کرکٹ کے کھیل کے لیے ہمیشہ حمایت کرنے پر سری لنکن ٹیم کے مشکور ہیں، سری لنکن کرکٹ ٹیم کی موجودگی ہمارے لیے باعث اعزاز ہے۔

اس کے علاوہ وزیر داخلہ خواجہ آصف نے بھی پاکستان آمد اور شاندار کرکٹ کھیل پیش کرنے پر سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

خواجہ آصف نے کہاکہ ہماری نیک تمنائیں سری لنکن ٹیم کےساتھ ہیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر فرینڈشپ ناٹ آؤٹ ہیش ٹیگ کے ساتھ پاکستان میں شائقین کرکٹ نے ٹور جاری رکھنے پر سری لنکن ٹیم سے اظہار تشکر کا سلسلہ شروع کردیا۔

Scroll to Top